ہائیکورٹ کا سانحہ یوحنا آباد ہنگامہ آرائی کے الزام میں حبس بیجا میں رکھے گئے 25افراد کو آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم

بدھ 1 اپریل 2015 19:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء )لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ یوحنا آباد کے بعد دو افراد کو زندہ جلانے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں حبس بیجا میں رکھے گئے 25افراد کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آج جمعرات تک ملتوی کر دی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار ایم اے جوزف نے موقف اختیار کیا کہ یوحنا آباد کے بعد دو افراد کو زندہ جلانے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں پولیس نے متعدد افراد کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہواہے۔

پولیس کی جانب سے قانونی کارروائی کے بغیر کسی بھی فرد کو حبس بیجا میں رکھا جانا بنیادی حقوق اور قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔استدعا ہے کہ پولیس کی غیر قانونی حراست میں رکھے جانے والے افراد کو بازیاب کرانے کے احکامات صادر کئے جائیں۔فاضل عدالت نے تھانہ نشتر کالونی کے ایس ایچ او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حبس بیجا میں رکھے گئے افراد کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آج جمعرات تک کیلئے ملتوی کر دی ۔