عوام کی بھرپور شرکت و تعاون کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ممکن نہیں۔ چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی

بدھ 1 اپریل 2015 19:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) رکن قومی اسمبلی و چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی مہر اشتیاق احمد نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی مسئلہ جسے عوام کی شرکت اور بھرپور تعاون کے بغیر حل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے سمن آباد ٹاؤن کی حدود میں ڈینگی کے انسداد کے لیے کام کرنے والے تمام محکموں کو لوگوں میں ڈینگی کے انسداد بارے آگہی پیدا کرنے اور لاروا کے خاتمہ کے لیے کارروائیوں کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے اور اس سلسلہ میں اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات یہاں سمن آباد ٹاؤن میں انسداد ڈینگی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ٹاؤن میونسپل آفیسر امتیاز اعوان ، ٹاؤن اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق احمد نے کہا کہ ٹاؤن میں واقعہ تمام قبرستانوں کو ہفتہ میں دو بار باقاعدگی سے چیک کیا جائے اور بارش کی صورت میں پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلاش کے لیے ایسی جگہوں کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے، جہاں گزشتہ ڈینگی سیزن میں ڈینگی لاروا پایا گیا تھا۔اجلاس میں چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی مہر اشتیاق احمد کو بتایا گیاکہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے استعمال ہونے والے تمام آلات ورکنگ کنڈیشن میں ہیں اور تمام یونین کونسلوں میں سپرے پمپس تقسیم کردئیے گئے ہیں۔

ٹاؤن میونسپل آفسر امتیاز اعوان نے رپورٹ میں بتایا کہ ٹاؤن کی حدود میں واقع 15275اِن ڈور اور 11518آؤٹ ڈور جگہوں کو چیک کیاگیاہے جن میں سے 18اِن ڈور ، جبکہ 7آؤٹ ڈور جگہوں پر ڈینگی لاروا پایا گیا تھا جسے تلف کردیا گیاہے۔ مہر اشتیاق احمد نے اجلاس میں موجود پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارکوں میں موجود بارشی پانی کی نکاسی کا فوری بندوبست کریں اور ڈی واٹرنگ سیٹس نصب کریں ۔

انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور واسا حکام کو خالی پلاٹوں میں موجود کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے اور ایسے مین ہولزجن پر ڈھکن موجود نہیں کو کور کرنے کی ہدایت کی۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران نے رپورٹ میں بتایا کہ وہ ڈینگی بارے عوام آگہی مہم کے دوران رحمان پورا کے علاقہ کے 70گھروں کو وزٹ کرچکے ہیں اورانہوں نے 100سے زائد لوگوں کو ڈینگی سے بچاؤ بارے احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹس تقسیم کئے ہیں۔

محکمہ ماہی پروری کے حکام نے بتایا کہ پارکس کی جھیلوں اور پنجاب یونیورسٹی کی نہر میں ڈینگی لاروا کھانے والی مچھلیوں کی سٹاکنگ کردی گئی ہے۔ اجلاس میں موجود محکمہ تعلیم کے حکام نے بتایا کہ انہوں نے تمام سکولوں کو انسداد ڈینگی بارے ایس او پی جاری کردیا ہے اور انہیں سکولوں میں ڈینگی بارے حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے جبکہ سکولوں میں صفائی کے انتظام کی انسپکشن بھی کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :