عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں تباہ کن باوٴلنگ،14اوورز میں6 وکٹیں

جمعرات 2 اپریل 2015 14:57

عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں تباہ کن باوٴلنگ،14اوورز میں6 وکٹیں

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) فاسٹ باولر محمد عامر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین باوٴلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے6 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو پی سی بی گریڈ ٹو کے فائنل میں پہنچا دیا۔ایل سی سی گراونڈ لاہور میں کھیلے گئے پی سی بی گریڈ ٹو کے پہلے سیمی فائنل میں محمد عامر نے 14اوورز میں 47 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بارش سے متاثرہ میچ کو ایک ایک اننگ تک محدود کردیا گیا، جس میں عامر نے شاندار باوٴلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ میری تمام تر توجہ فٹنس اور کارکردگی پر مرکوز ہے اور میں اپنی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے علم میں نہیں کہ کون سے کھلاڑی میری قومی ٹیم میں شمولیت کے مخالف ہیں اور میں اس تنازع میں پڑے بغیر سب کے لیے قابل قبول بننا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

عامر نے کہا کہ اب تک مجھے جتنے بھی موقع ملے ہیں، میں نے کارکردگی دکھائی ہے اور باقی کام سلیکشن کمیٹی کا ہے، میں اپنی کارکردگی اور اخلاق سے ٹیم میں جگہ بناوٴں گا۔محمد عامر نے کہا کہ اب تک 4 میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کی ہیں اور یہی میرا ہدف ہے کہ جو بھی موقع ملے اس میں اپنی اہلیت ثابت کروں۔واضحرہے کہ محمد عامر کو سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ باوٴلر محمدآصف سمیت 2010 میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

تینوں کھلاڑیوں کو اس جرم میں جیل بھی کاٹنی پڑی تھی۔عامر کی سزا ستمبر میں ختم ہو نا تھی لیکن آئی سی سی نے اینٹی کرپشن یونٹ کے تعاون اور ان کے مثبت رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔محمد عامر نے آنٹر نیشنل کرکٹ میں 14 ٹیسٹ میچوں میں 51 جبکہ 15 ایک روزہ میچوں میں 25 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

متعلقہ عنوان :