سعودی عرب اور پاکستان مشترکہ کوششیں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرکے تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید پائیدار کرسکتے ہیں‘ مازن محمد بترجی

جمعرات 2 اپریل 2015 17:01

#لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین مازن محمد بتر جی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان مشترکہ کوششیں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرکے تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید پائیدار کرسکتے ہیں۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیراور نائب صدر سید محمود غزنوی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ جدہ چیمبر کے بورڈ ممبر خلف بن ھوصان العتیبی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

مازن محمد بتر جی نے کہا کہ دوطرفہ تجارت بڑھنے سے سعودی عرب میں پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے لائیوسٹاک اور ڈیری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جاسکتی ہے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں چیمبرز کو مل بیٹھ کر تجارت کو تیزی سے فروغ دینے کے امکانات پر غور کرنا چاہیے۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے تاجر پاکستان اور سعودی عرب میں ہونے والی نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبہ سازی کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے بڑے تجارتی حصہ داروں میں سے ایک ہے جبکہ دونوں برادر مسلم ممالک دیرینہ دوستانہ تعلقات کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئل اینڈ گیس، پٹرولیم، پیٹرو کیمیکلز، توانائی، ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ، بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز، فرٹیلائزرز، جیم اینڈ جیولری، لائٹ انجینئرنگ اور فرنیچر وغیرہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش ہے جس سے سعودی سرمایہ کاروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بہترین ہے ، یہاں سرمایہ کاری کرکے نہ صرف ہمسایہ ممالک بلکہ وسطیٰ ایشیائی ریاستوں سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اور جدہ چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت تجارتی و معاشی تعاون کا عمل تیز کرسکتی ہے لہذا دونوں چیمبرز کو اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر میں سعودی عرب ڈیسک کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ باہمی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے لہذا دونوں چیمبرز کو اس سلسلے میں اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو تجارت کے لیے نئے شعبے تلاش کرنے چاہئیں ۔

متعلقہ عنوان :