بجلی منصوبوں میں چین کی سرمایہ کاری کو قرضہ قرار دینا بدترین جھوٹ ہے ، لوٹ کھسوٹ اور جگا ٹیکس کی روایت کو دفن کر دیا ہے، گیة ماڈل منڈیوں کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا، منڈی میں قائم بینک سے بیوپاریوں کی رقوم محفوظ رہیں گی، پنجاب میں کرپشن فری مویشی مارکیٹ کا جدید نظام متعارف کرایا ہے، دیگر صوبوں کو بھی اس ماڈل کی تقلید کرنی چاہیئے، کسانو ں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے‘ پنجاب میں گنے کی قیمت میں ایک آنے کی بھی کمی نہیں آنے دی

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا شیخوپورہ میں ماڈل مویشی منڈی کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 2 اپریل 2015 20:07

بجلی منصوبوں میں چین کی سرمایہ کاری کو قرضہ قرار دینا بدترین جھوٹ ہے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے شیخوپورہ میں پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ماڈل مویشی منڈی قائم کی ہے جہاں مویشی پال حضرات کیلئے جدید سہولتیں ایک چھت تلے فراہم کی گئی ہیں۔مویشی منڈیوں میں لوٹ کھسوٹ اور جگا ٹیکس کی روایت کو دفن کر دیا ہے۔ ماڈل مویشی منڈی کے قیام سے مویشی پال حضرات کو پرچی مافیا سے نجات ملے گی اور کوئی مویشی پال حضرات کا استحصال نہیں کر سکے گا۔

ماڈل مویشی منڈیوں کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔وہ جمعرات کو شیخوپورہ میں اپنی نوعیت کی پاکستان کی پہلی جدید ماڈل مویشی منڈی کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ماڈل مویشی منڈی کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولتو ں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ماڈل مویشی منڈی کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے کہا ماڈل مویشی منڈی میں جانوروں کے تحفظ کیلئے خصوصی شیڈز بنائے گئے ہیں۔

سکیورٹی کا باقاعدہ نظام وضع کیا گیا ہے اور ٹرکوں کی فری پارکنگ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ ایسی ماڈل مویشی منڈیاں پنجاب بھر میں قائم کی جائیں گی۔مویشی پال حضرات کو بین الاقوامی معیار کی سہولتیں میسر آئیں گی۔ ماڈل مویشی منڈیوں میں مویشی پال حضرات کو جانور کی صحیح قیمت مل سکے گی۔ ماڈل مویشی منڈیوں میں بائیوگیس کے پلانٹ بھی لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن فری مویشی مارکیٹ کا جدید نظام متعارف کرایا ہے۔ دیگر صوبوں کو بھی اس ماڈل کی تقلید کرنی چاہیئے۔ پنجاب میں بین الاقوامی معیار کی سہولتوں سے آراستہ ماڈل مویشی منڈی قائم کرکے ایک نئی روایت کی بنیاد ڈالی ہے۔ پہلے ہفتے میں ایک دن مویشی منڈی لگتی تھی اب سات دن مویشی منڈی لگے گی۔ ماڈل مویشی منڈی کے اندر بینک بھی قائم کیا گیا ہے اور بینک کے قیام سے بیوپاریوں کی رقوم محفوظ رہیں گی۔

سلاٹر ہاؤس، وٹرنری ہسپتال، ڈسپنسری اور رہائشی کمرے بھی بنائے کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بائیوگیس کے پلانٹ کی تنصیب ہونے تک مویشی منڈی کو شمسی توانائی سے بجلی کی فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائے۔وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانو ں کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ پنجاب میں گنے کی قیمت میں ایک آنے کی بھی کمی نہیں آنے دی۔

ایک دوسرے صوبے میں گنے کی قیمت 182 روپے سے کم کرکے 155 روپے کی گئی اور اس صوبے میں چینی سستی ہونے سے پنجاب کی شوگر ملز کیلئے مشکلات پیداہوئیں لیکن میں نے کاشتکاروں کا نقصان نہیں ہونے دیا، انشاء اللہ کاشتکاروں کے مفادات کا ہرممکن تحفظ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں میں چین کی سرمایہ کاری کو قرضہ قرار دینا بدترین جھوٹ ہے اور میں جانتا ہوں کچھ لوگوں کا دروغ گوئی کے بغیر گزارہ نہیں۔

ایسے لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ چین جیسے مخلص دوست کے بارے میں غلط بیانی سے کام نہ لیں۔ وزیراعلیٰ نے ماڈل مویشی منڈی میں شجرکاری مہم کے حوالے سے پودا بھی لگایا۔ ایم این اے افضل کھوکھر نے اس موقع پر بتایا کہ مو یشی پال حضرات سے لوٹ کھسوٹ کے حوالے سے شیخوپورہ کی منڈی بدنام تھی۔ شیخوپورہ میں ماڈل مویشی منڈی بنا کر کرپشن فری نظام کی بنیاد رکھی ہے۔

ماڈل مویشی منڈی میں ریسٹورنٹ اور ٹرکوں کیلئے وسیع پارکنگ بھی فراہم کی گئی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماڈل مویشی منڈی کے قیام پر 27 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ شیخوپورہ کی مویشی منڈی کو 6 ماہ کی مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ ماڈل مویشی منڈی میں 2 ہزار سے زائد مویشیوں کی گنجائش موجود ہے اور ضرورت کے مطابق اس میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔