وزیراعلیٰ پنجاب کی عالمی بینک کے وفد سے ملاقات میں گفتگو، ورلڈبینک کاپنجاب میں ہر سال5 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے پرآمادگی کا اظہار

جمعرات 2 اپریل 2015 20:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ااپریل۔2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے،بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتے ہیں،لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا انقلابی منصوبہ جون میں مکمل ہو جائے گا, پاکستان او رعالمی بینک کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری مثبت اشتراک کار کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں، عالمی بینک شمالی پنجاب میں چھوٹے ڈیم بنانے اورٹیکس وصولی کے نظام میں اصلاحات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون کرے۔

وہ جمعرات کو یہاں عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ریجن انیٹے ڈیکسن کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم، صحت، توانائی، سکل ڈویلپمنٹ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پنجاب حکومت اور عالمی بینک کے مابین پنجاب میں ہر سال پانچ لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے تعاون پر اصولی اتفاق کیا گیا ۔

شہبازشریف نے عالمی بینک کی نائب صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان خصوصاً پنجاب اور عالمی بینک کے درمیان مختلف شعبوں میں مثبت اشتراک کار جاری ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔عالمی بینک پنجاب کے تعلیم، صحت،سکل ڈویلپمنٹ اور توانائی کے منصوبوں میں بھر پور تعاون کر رہاہے۔پنجاب حکومت عالمی بینک کے ساتھ تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ، توانائی او ر دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے-پنجاب میں عالمی بینک کے تعاون سے لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا منصوبہ جون میں مکمل ہو جائے گا-مفاد عامہ کا یہ انقلابی منصوبہ صوبے میں شفافیت اور کرپشن فری کلچر کی جانب اہم قدم ہے- لینڈ ریکارڈمینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے پٹواری کلچر کا خاتمہ ہوگااو رلوگوں کو فرد ملکیت کے حصول میں کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا- انہوں نے کہاکہ پنجاب میں کوئلے ، سولر،ونڈ، ہائیڈل اور دیگر قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے اور اس ضمن میں تیز رفتاری سے شفافیت کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے جس کی ایک مثال بہاولپور کے قائداعظم سولر پارک میں سو میگاواٹ کا سولر منصوبہ ہے جو پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے مکمل کیا ہے ، یہ پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا سولر منصوبہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے توانائی منصوبوں کے حوالے سے چین کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چین کے ساتھ توانائی کے 7ہزار میگا واٹ کے منصوبوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران ان منصوبوں پر دستخط ہوں گے او ریہ پراجیکٹس 2017 کے اختتام تک بجلی کی پیداوارشروع کر دیں گے جس سے توانائی بحران سے نمٹنے میں خاطرخواہ مدد ملے گی -انہوں نے کہاکہ پنجاب میں گیس سے 3600میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا فیصلہ کیاگیاہے -گیس سے 1200میگا واٹ کا منصوبہ پنجاب حکومت جبکہ 2400میگا واٹ کے منصوبے وفاقی حکومت لگائے گی- انہوں نے کہاکہ پاکستان کی آبادی کا60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے - نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں-تعلیم کے میدان میں نوجوانوں کے لئے پاکستان کی تاریخ میں مثالی پروگرام شروع کئے گئے ہیں- سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ہر سال پچاس ہزار نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مندبنایا جارہاہے-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے 2018تک ہر بچے کے سکول جانے کا ہدف مقرر کیا ہے - پنجاب کے دور درازعلاقوں کے 4ہزار پرائمری سکولوں کوسولر انرجی پر منتقل کرنے کا پروگرام بنایا گیاہے - 4برس کے دوران اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ ہونہار طلبا و طالبات کو میرٹ پر تقسیم کئے گئے ہیں- پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم کے تحت 16لاکھ طلبا وطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں-پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے 85ہزار طلبا وطالبات اپنا تعلیمی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں- انڈوومنٹ فنڈکا مجموعی حجم 12ارب روپے تک پہنچ چکاہے اور اگلے چار برس کے دوران انڈومنٹ فنڈ 20 ارب روپے کا ہو جائے گا جس سے پاکستان کے ڈیڑھ لاکھ طلبا و طالبات کو تعلیمی وظائف جاری کئے جا سکیں گے۔

جنوبی ایشیا کی تاریخ میں تعلیمی وظائف کا اس سے بڑا پروگرام آج تک شروع نہیں کیا گیا۔ اسی طرح صوبے کے پسماندہ ترین علاقوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں -دانش سکولز میں انتہائی کم وسیلہ طبقات کے بچوں اور بچیوں کو داخلہ دیا جاتاہے -دانش سکول میں زیر تعلیم بچے و بچیاں تعلیم اور امن کے پیامبر ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ دانش سکول انتہاپسندی کے رجحانات کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں - پنجاب حکومت نے سکولز ریفارمز روڈ میپ کے ساتھ ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے پروگرام کابھی آغاز کیا ہے- انہوں نے کہا کہ نارتھ پنجاب میں پانی کے ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے-نارتھ پنجاب میں عالمی بینک چھوٹے ڈیم بنانے کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دے سکتا ہے-انہوں نے کہاکہ صوبے میں وسائل میں اضافے کے لئے ٹیکس ریفارمز روڈ میپ بھی وضع کیا جارہاہے-ٹیکس وصولی کے محکموں میں کرپشن کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے - ٹیکس وصولی کے نظام میں خامیاں دورکرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں- عالمی بینک ٹیکس وصولی کے نظام میں اصلاحات کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دے سکتا ہے - انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے-بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کا با مقصد مذاکرات کے ذریعے حل چاہتے ہیں -وزیراعلیٰ نے کہاکہ 2014کے سیلاب میں پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 17ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی اور پنجاب حکومت نے سیلاب کا پانی اترنے سے قبل متاثرین کو ان کے گھروں میں آباد کیا اور انتظامی و سیاسی ٹیم نے ایک جذبے کے ساتھ اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کی-انہو ں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے پنجاب حکومت اپنے اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کرنا چاہتی ہے اور اس ضمن میں عالمی بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے - نائب صدرعالمی بینک انیٹے ڈیکسن نے صوبے کے عوام کی دن رات خدمت کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ 20،20 گھنٹے کام کرکے شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کیلئے متعدد فلاحی اقدامات کئے ہیں اور وہ عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں -شہبازشریف نے عوام کی خدمت کے حوالے سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے -انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم ، صحت، سکل ڈویلپمنٹ ، انرجی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ او ردیگر شعبوں میں تعاو ن کو فروغ دیں گے - صوبائی وزراء، مجتبیٰ شجاع الرحمن، چوہدری محمد شفیق، یاور زمان، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام کے علاوہ عالمی بینک کے کنٹری ہیڈ راشد بن مسعود اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔