غیر قانونی طور پر غیر ملکی ریسٹورینٹ کھولنے کی اجازت دینے پر میونسپل کمشنر سینٹرل کمال مصطفی اپنے عہدے سے برطرف

جمعرات 2 اپریل 2015 22:54

غیر قانونی طور پر غیر ملکی ریسٹورینٹ کھولنے کی اجازت دینے پر میونسپل ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے جمعرات کے روز نارتھ ناظم آباد پر گرین بیلٹ پرغیر قانونی طور پر غیر ملکی ریسٹورینٹ کھولنے کی اجازت دینے پر میونسپل کمشنر سینٹرل کمال مصطفی کو ان کے عہدے سے برطرف کرکے ان کے خلاف انکوائری کے احکامات دے دئیے ہیں۔ جمعرات کو صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اچانک نارتھ ناظم آباد کا دورہ کیا اور وہاں گرین بیلٹ پر قائم دو غیر ملکی ریسٹورینٹ اور ایک مٹھائی کی دکان کو سیل کروایا اور اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کی انتظامیہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔

جس کے بعد انہوں نے پہلے مرحلے میں سیکشن آفیسر سینٹرل شمعون صدف کو فوری طور پر معطل کرکے سیکرٹری بلدیات کو ان کے خلاف محکمہ ذاتی کارروائی کی ہدایات دیں اور بعد ازاں میونسپل کمشنر سینٹرل کمال مصطفی کو بھی معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کے احکامات دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مذکورہ گرین بیلٹ پر قائم دو غیر ملکی ریسٹورینٹ اور دیگر دکانوں کو سابقہ ٹاؤن ناظم ممتاز حمیدنے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے 5 سال کے لئے لیز پر زمین فراہم کی تھی، جس کی معیاد 2013میں مکمل ہوگئی تھی تاہم بعد ازاں اس وقت کے ایڈمنسٹریٹر سینٹرل لطیف لودھی اور میونسپل کمشنر کمال مصطفی نے اس معاہدے کی اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے دوبارہ تجدید کی تھی، جس پر جمعرات کو صوبائی وزیر نے نہ صرف ان دونوں غیر ملکی ریسٹورنٹ اور گرین بیلٹ پر قائم دیگر دکانوں کو سیل کروادیا بلکہ میونسپل کمشنر و سیکشن آفیسر سینٹرل دونوں کو معطل کرکے ان کے خلاف تحقیقات کرکے ان کے کیسز کو اینٹی کرپشن میں بھیجنے کی سیکرٹری بلدیات کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

متعلقہ عنوان :