این اے 246پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کی حمایت نہیں کررہی،وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 2 اپریل 2015 23:15

این اے 246پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کی حمایت نہیں ..

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ این اے 246پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کی حمایت نہیں کررہی، صرف ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہیں اس لیے امیدوار سامنے نہیں لارہے تاہم ملک میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ہوں یا عام انتخابات پیپلز پارٹی مکمل طور پر تیار ہے، لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم ہال میں پاکستان انجنیرنگ کاؤنسل کی جانب سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری میں کوئی اختلاف نہیں مخالف غلط پروپگینڈ کررہے ہیں بلاول چیئرمین اور آصف علی زرداری شریک چیئرمین ہیں جن کی قیادت میں پیپلز پارٹی مزید مضبوط ہورہی ہے، پیپلز پارٹی کے کارکنان اور پارٹی قائدین ایسے لوگوں کو پہچان چکے ہیں جو عوام کو ورغلاتے ہیں وہ اپنے مقاصد میں ناکام ہونگے، سید قائم علی شاہ نے کہا کہ 4اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 36ویں برسی کی تقریب گڑھی خدابخش بھٹو میں منائی جائے گی، برسی کے روز صبح 9بجے قرآن خوانی سے پروگرام کا آغاز کیاجائے گا جو شام 6بجے تک اختتام پذیر ہوگا اور 2بجے سے جلسہ عام شروع ہوگا جس میں ملک بھر سے آنے والے شاعر ذوالفقار علی بھٹو کی یاد میں مکالے پڑھیں گے جبکہ مرکزی قائدین ساڑے چار بجے کارکنان سے خطاب کریں گے جس کے لیے انتظامات گذشتہ سالوں سے مزید بہتر کیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 4اپریل عوام کے لیے اہم ترین دن ہے عوام لاکھوں کی تعداد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے ان کی مزار پر آتے ہیں جس کے باعث سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے جارہے ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انجنیروں میں سے جو 11اور 14گریڈ میں کام کررہے ہیں ان کے گریڈ بڑھانے کے لیے سندھ اسمبلی میں بل پیش کیاجائے گا اور گریڈ ایک سے 20تک کے کانٹریکٹ ملازمین جو کہ ایڈہاک اور کانٹریکٹ پر کام کررہے ہیں اس کا بھی بل اسمبلی میں پیش کیاجائے گا، اانہوں نے کہا کہ گریڈ 17کی پوسٹوں کے لیے سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سپریم کورٹ کے حکم کے تحت بھرتیاں کریں گے، جبکہ انجنیئروں کو نوڈیرو یا رتوڈیرو میں پلاٹ دیئے جائیں گے۔