قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی کا سیکرٹری داخلہ کی ایوان میں عدم موجودگی پر اظہار برہمی ‘محکمہ داخلہ کے سوالات کو موخر دیا

جمعہ 3 اپریل 2015 14:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی کا وقفہ سوالات میں سیکرٹری داخلہ کی ایوان میں عدم موجودگی پر سخت اظہار برہمی ‘محکمہ داخلہ کے سوالات کو موخر دیا جبکہ صوبائی وزیر قانون کوسیکرٹریز کے رویہ کے بارے میں وزیر اعلی کو بھی تمام صورتحال سے آگاہ کر نے کی ہدایت کر دی ۔ جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ داخلہ کے متعلق سوالات کے جوابات ایجنڈے میں شامل تھے مگر جب اپوزیشن نے سیکرٹری داخلہ کی گیلری میں عدم موجودگی کی نشاندہی کی تواس پر قائمقام سپیکر سردار شیر علی گور چانی بھی سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے پنجاب کی بیورو کر یسی پر برس پڑے اور کہا کہ پنجاب کی بیورو کر یسی اور سیکرٹریز نے پنجاب اسمبلی کو مذاق سمجھ رکھا ہے اگر سیکرٹری داخلہ ایک گھنٹے کیلئے یہاں ایوان میں آجا تے تو کون سی قیامت آجاتی ؟پنجاب اسمبلی مقدس ایوان ہے اور بیوروکر یسی کو بھی انکو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ پنجاب اسمبلی کے ایوان کو جوابدہ ہے ۔

(جاری ہے)

قائمقام سپیکر نے وزیر قانون کو ہدایت کی کہ وزیر اعلی پنجاب کو پنجاب کی بیورو کر یسی اور سیکرٹریز کے رویہ کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور سیکرٹریز کو پابند بنا یا جائے کہ جب ان کے محکمے کے متعلق سوالوں کے جوابا ت ہوں تو وہ ہر صورت ایوان میں حاضر ہوں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔