آئی سی سی متنازع کوارٹرفائنل کی تحقیقات پرراضی ہوگیا

جمعہ 3 اپریل 2015 15:49

آئی سی سی متنازع کوارٹرفائنل کی تحقیقات پرراضی ہوگیا

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) آئی سی سی بھارت اور بنگلہ دیش کے کوارٹر فائنل کی تحقیقات پر راضی ہوگئی۔گیند در گیند امپائرنگ فیصلوں کوجانچا جائے گا، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے نتائج سے بنگلہ دیشی بورڈ کو بھی آگاہ کرنے کی یقین دہانی کردی، بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ ہمارا احتجاج ناقص امپائرنگ پر ہے، بھارت سے تعلقات خراب نہیں ہونے چاہئیں۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 109 رنز کے بڑے مارجن شکست دی، جس کے بعد بنگال ٹائیگرز نے ناقص امپائرنگ کو وجہ قرار دیتے ہوئے خوب واویلا مچایا جبکہ فیلڈامپائرز علیم ڈار اور ای ین گولڈ کے پتلے تک جلائے گئے۔ اسی تنازع میں بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے صدر مصطفیٰ کمال بھی بطور احتجاج مستعفی ہوگئے۔

(جاری ہے)

اب معلوم ہواکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے معاملے کی جانچ کیلیے یقین دہانی کرا دی ہے۔بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ ہم نے کوارٹر فائنل کے بعد ہی آئی سی سی کو اپنے تحفظات پر مبنی خط بھیج دیا تھا، چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کی جانب سے جو ابتدائی جواب آیا اس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ اس مقابلے کی گیند درگیند جانچ کریں گے، جو بھی تجزیے کا نتیجہ نکلا اس سے بی سی بی کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

نظم الحسن نے واضح کیا کہ بی سی بی کی شکایت صرف امپائرنگ کے خلاف تھی اس کا میچ کی حریف سائیڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انھوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ اس سے بنگلہ دیش اور بھارت کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں، ہم نے ان کے بارے میں تو کوئی شکایت نہیں کی، ہمارا اعتراض امپائرنگ پر تھا، ہم نے اس بات پر زور دیاکہ دستیاب ہونے کے باوجود ٹیکنالوجی کو آخراستعمال کیوں نہیں کیاگیا؟۔