بھارتی کر کٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کو مصطفیٰ کمال کی ”سرکشی“ کا مزہ چکھانے کا پروگرام بنالیا

جون میں بھار تی کر کٹ ٹیم کا شیڈول دورہ منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا

جمعہ 3 اپریل 2015 18:17

بھارتی کر کٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کو مصطفیٰ کمال کی ”سرکشی“ کا مزہ چکھانے ..

کولکتہ / ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) بھارتی کر کٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کو مصطفیٰ کمال کی ”سرکشی“ کا مزہ چکھانے کا پروگرام بنالیا۔ جون میں شیڈول ٹور کی منسوخی کا عندیہ دے دیا گیا، بورڈ میں موجود سری نواسن کے ہمدردوں نے ہنگامی اجلاس بلانے کی کوششیں شروع کردیں۔تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال نے آئی سی سی کی صدارت سے مستعفی ہونے کی وجہ براہ راست چیئرمین این سری نواسن کو قرار دیتے ہوئے انھیں متنازع اور دماغی طور پر فارغ انسان بھی قرار دیا تھا۔

جس کا بی سی سی آئی میں موجود سابق صدر کی لابی نے سخت برا مانا اور بنگلہ دیش کا جون میں شیڈول ٹور ہی منسوخ کرانے کی کوششیں بھی شروع کردی ہیں۔اس سلسلے میں ہنگامی اجلاس بلانے کی بھی راہ ہموار ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

اگرچہ مفادات کے ٹکراؤ کی وجہ سے سری نواسن بی سی سی آئی سے آؤٹ ہوچکے لیکن اس وقت بھی برسر اقتدار گروپ کو ان کی سپورٹ حاصل ہے، بورڈوآفیشلز مصطفیٰ کمال کے سری نواسن پر کیے گئے تبصرے کو ملک کی توہین قرار دینے پر تلے ہوئے ہیں۔

اس بارے میں جب بورڈ کے صدر جگموہن ڈالمیا سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی،البتہ بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے کہا ہے کہ سری نواسن کے حامی آفیشلز سخت ناراض اور بنگلہ دیشی بورڈ کو مزہ چکھانے کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب ایک اورآفیشل نے کہا کہ ہے اگر یہ دورہ منسوخ ہوا تو دونوں ممالک کے تعلقات پر سیاسی اثر بھی پڑسکتا ہے۔دوسری جانب بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے آئی سی سی صدارت سے مستعفی ہونا بدقسمتی کی بات ہے، جس میٹنگ میں ان سے امپائرنگ پر بیان واپس لینے یا معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا میں اس میں شریک نہیں تھا،نہ ہی اس بارے میں مجھے کچھ علم ہے۔