خیبرپختونخوا اسمبلی نے صوبے میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پراحتجاج کی دھمکی دیدی

واپڈا نے صوبے کے عوام کیساتھ زیادتی شروع کی ہے،وزیر مملکت عابد شیر علی کے کہنے پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،اراکین اسمبلی

جمعہ 3 اپریل 2015 19:54

خیبرپختونخوا اسمبلی نے صوبے میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پراحتجاج ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) خیبرپختونخوا اسمبلی نے صوبے میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ پرشدید غم وغصے کااظہارکرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کی دھمکی دیدی،، اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ بجلی لوڈ شیڈنگ پر مرکز صوبے کے ساتھ ناروا سلوک بند کریں۔۔سپیکر اسد قیصر کی زیر صدرات خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ پر اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ واپڈا نے صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی شروع کی ہے۔

(جاری ہے)

رکن اسمبلی یاسین خلیل،سردارحسین بابک ،سردارنلوٹھا اوردیگر اراکین اسمبلی کا کہنا تھاکہ واپڈا کے افسران وزیر مملکت عابد شیر علی کے کہنے پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کر رہی ہیں، اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ کا کہنا تھا کہ بجلی خیبر پختونخوا میں پیدا ہوتی ہے اور اپنے ہی صوبے پر بجلی بند کرنا افسوس ناک ہے، ان کا کہنا تھاکہ مرکز بجلی کا مسلہ سنجیدگی سے اٹھائیں، دوسری جانب اسمبلی اجلاس کے دوران بھتہ خوری اور دھمکی آمیز فون کالز پر بھی بحث کی گئی، عوامی جمہوری اتحاد کی خاتون رکن صوبائی اسمبلی کو دھمکی آمیزفون کال پر سپیکر اسد قیصر نے وزیر بلدیات عنایت اللہ سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ہے، عنایت اللہ کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے اراکین کو دھمکیوں پر فوری طور پر آئی جی پی اور وزیر اعلی پرویز خٹک سے بات کی جائے گی، اسمبلی اجلاس میں احتساب کمیشن ترمیمی بل 2015بھی ایوان میں پیش کیا، بل رکن صوبائی اسمبلی عارف یوسف کی جانب سے پیش کیا گیا ہے۔