امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش ہے ‘ امریکہ پاکستان میں توانائی کے بحران سے بخوبی آگاہ ہے ،اس سلسلے میں ہر ممکن امداد کررہا ہے

امریکی قونصل جنرل زچیری ہارکنرائیڈر کا لاہور چیمبر سے خطاب

جمعہ 3 اپریل 2015 20:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) امریکی قونصل جنرل زچیری ہارکنرائیڈر نے کہاہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش ہے جس سے دونوں ممالک کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وہ جمعہ کو لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں توانائی کے بحران سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن امداد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کے معاشی مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے، یہ بڑا اچھا شگون ہے کہ بہت سے چیلنجز کے باوجود پاکستان کانجی شعبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ یوایس قونصلیٹ کاروباری برادری کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے گرانقدر اقدامات اٹھارہا ہے۔

انہوں نے امریکی قونصل جنرل پر زور دیا کہ وہ کراچی قونصلیٹ کی طرز پر لاہور میں بھی ویزا کے اجراء کی سہولت کا آغاز کریں ، فی الوقت تاجروں کو ویزا کے حصول کے لیے اسلام آباد جانا پڑتا ہے ۔اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا بہت اہم تجارتی حصے دار ہے، سال 2013ء میں پاکستان نے امریکہ کو 3.75ارب ڈالر مالیت کی اشیاء برآمد اور 1.67ارب ڈالر مالیت کی اشیاء درآمد کیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری امریکی مارکیٹوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کی خواہش رکھتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط مزید مضبوط کرنا ہونگے، اس سلسلے میں تجارتی وفود کا تبادلہ بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس وقت پاکستان براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے تگ و دو کررہا ہے۔ انہوں نے امریکی قونصلیٹ پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد کریں۔ انہوں نے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی اور دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مستقل پیمانے پر روابط کی ضرورت پر بھی زور دیا۔