بلدیاتی انتخابات میں حکومتی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والوں کی ضمانت ضبط ہو جائے گی‘ جمشید اقبال چیمہ

بجٹ کے صرف تیس فیصد استعمال سے حکومت کی گڈ گورننس اور تجربہ کاری کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 3 اپریل 2015 21:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ موسم گرما کے آغاز سے قبل بد ترین لوڈ شیڈنگ نے حکمرانوں کے تین ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی سسٹم میں شامل کرنے کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ،پنجاب حکومت نے حسب روایت آنیوالے بجٹ میں بھی ایک خطیر رقم بلاک ایلوکیشن میں رکھنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے،بلدیاتی انتخابات میں حکومتی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والوں کی ضمانت ضبط ہو جائے گی۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وعدہ خلا فیاں اور ڈنگ ٹپاؤپالیسی پنجاب حکو مت کی پہچا ن بن چکی ہے ، (ن) لیگ والے اپنی مقبولیت کے حوالے سے خام خیالی کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران صرف اپنے رہائشی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کر رہے ہیں جبکہ دور دراز اضلاع میں پہلے تو ترقیاتی کام کرائے ہی نہیں گئے اور اگر ا ن کا آغاز بھی ہوا ہے تو وہ تاخیر کا شکار ہیں جس کا اراکین پنجاب اسمبلی میں برملا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی گڈ گورننس اور تجربہ کاری کا یہ عالم ہے کہ رواں مالی سال کے دوران بجٹ کا صرف تیس فیصد استعمال ہوسکا ہے جبکہ باقی کا کچھ اتا پتا نہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے لئے بھرپور تیاریاں کررہی ہے انشااللہ بھرپور کامیابی حاصل کریں گے اور مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے۔