ایل این جی گیس کی درآمدات کے تناظر میں بندرگاہ پر بڑھتی رکاوٹوں کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت کے خطرات دوبارہ منڈلانے لگے

برتھ میں کھڑے آئل لانے والے جہازوں کو آپریشن کے طریق کار کے تازہ ترین معیار کے ساتھ ترجیح دی جائے‘ او سی اے سی

جمعہ 3 اپریل 2015 21:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) آئل کمپنیوں کی ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے ایل این جی گیس کی درآمدات کے تناظر میں بندرگاہ پر بڑھتی رکاوٹوں کے باعث ایک مرتبہ پھرپٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت کے خطرے کا اظہار کیا ہے ۔او سی اے سی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ برتھ میں کھڑے آئل لانے والے جہازوں کو آپریشن کے طریق کار کے تازہ ترین معیار کے ساتھ ترجیح دے اور اگر وہ دوسرے بحران سے بچنا چاہتی ہے تو بندرگاہ پر بڑے پیمانے پر ترقیاتی سرگرمیاں شروع کرے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ایڈوائزری کونسل نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی جانب سے پیش کیے گئے خدشات کی حمایت کی ہے جو چند روز قبل پورٹ کی برتھ پر کھڑے جہازوں کی تاخیر کے سلسلے میں تھی اور واضح کیا ہے کہ ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایل این جی کی درآمد کا ایک اہم آپریشن بغیر کسی مناسب تیاری کے شروع کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فوجی آئل ٹرمینل کمپنی (فوٹکو)کے چیف آپریٹنگ آفیسر حسن سبکتگین کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد او سی اے سی نے اپنے خدشات پیش کیے۔

اس اجلاس میں اہم آپریشنل مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔او سی اے سی نے وفاقی حکومت کو تحریر کیا ہے کہ پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹینکرز کی ہینڈلنگ سے منسلک ایسے عوامل کی ایک بڑی تعداد ہے جس کا فوٹکو اور پی او ایل تک آئل ٹینکر کی نقل و حمل کی منصوبہ بندی، شیڈیولنگ پر شدید اثر پڑسکتا ہے۔تقریباً35 کروڑ ٹن ایل این جی سالانہ یا دو کروڑ نوے لاکھ ٹن ماہانہ لائی جائے گی۔

بین الاقوامی سیفٹی کی ضروریات کے پیش نظر یہ ممکن تھا کہ تقریباًچالیس ہزار سے پینتالیس ہزار ٹن کے چھوٹے سائز کے کارگو لایا جاتا بجائے 80 ہزار ٹن کی استعداد کے۔ تاہم اس کے نتیجے میں ایل این جی لانے والے جہازوں کی تعداد ایک اندازے کے مطابق ایک مہینے میں سات ہوگی۔انٹرنیشنل گیس ٹینکرز اینڈ ٹرمینل آپریٹرز سوسائٹی کی سیفٹی سے متعلق بین الاقوامی ضروریات کے تحت لازم ہے کہ ایل این جی کے جہاز اور دیگر جہازوں کے درمیان اس وقت ایک کلومیٹر تک کا فاصلہ رکھا جائے جب وہ بیک وقت پورٹ میں داخل ہورہے ہوں۔

بلند لہروں کے عرصے کے دوران پورٹ پر اوسطاًتین جہاز داخل ہوتے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق اگر پی او ایل کے جہازوں کو پورٹ میں داخلے اور نکلنے میں ترجیح نہ دی گئی تو برتھنگ یا پورٹ کی موجودہ تاخیر آٹھ سے دس دنوں کی ہوسکتی ہے۔او سی اے سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر الیاس فاضل نے کہا کہ اس تاخیر کا اثر جہازوں کی واپسی کے اوقات پر پڑے گا اور پی او ایل کی مصنوعات کی تقسیم کی سرگرمیاں متاثر ہوں گی اگر اس سے نمٹا نہ گیا تو ملک کے بالائی علاقوں میں پٹرول مصنوعات کی قلت کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :