ہماری اولین کوشش ہے اساتذہ کے مطالبات جلد از جلد نمٹائے جائیں‘ سپیشل سیکرٹری سکولز پنجاب

جمعہ 3 اپریل 2015 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جائنٹ ایکشن کمیٹی اساتذہ پنجاب کے وفد کی چئیر مین رانا محمد ارشد کی قیادت میں سید سجاد اکبر کاظمی ، مرکزی صدر پنجاب ٹیچرز یونین، محمد اسلم گھمن مرکزی صدر میونسپل ٹیچرز یونین، چوہدری اللہ رکھا صدر ہیڈماسٹرز ایسوسی ایشن ، جام صادق، رانا انوار، چوہدری محمد علی، میاں ارشد ، رانا لیاقت علی، اور نور قمر ممتاز نے اساتذہ کو درپیش مسائل و حالات پر سپیشل سیکرٹری سکولز پنجاب جناب گلزار حسین شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ریاض حسین بٹ، احمد علی کمبوہ ، رانا اختر حسین، ڈپٹی سیکرٹری آصف مجید سے مذاکرات کئے۔

مذاکرات دو گھنٹے جاری رہے ۔سپیشل سیکرٹری سکولزپنجاب نے اساتذہ کے مسائل و مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین کوشش ہے کہ اساتذہ کے مطالبات جلد از جلد نمٹائے جائیں۔

(جاری ہے)

لیکن کچھ رکاوٹیں حائل ہیں جن کو جلد دور کرلیا جائے گا۔ اور ہماری خواہش ہے کہ اساتذہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن " پڑھو پنجاب ، بڑھو پنجاب"میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے 100% بچوں کا داخلہ ممکن بنائیں اور ہر طالب علم کو 85 سوالات کے جوابات دینے کے قابل بنائیں۔

جہاں تک کنٹریکٹ اساتذہ کو ریگولر کرنے کا معاملہ ہے محکمہ تعلیم فوراً چیف سیکرٹری پنجاب کو سمری ارسال کر کے ان کی ریگولر ائزیشن کی منظوری لے گا۔ گروپ انشورنس سے میچیورٹی کلیم کے لئے سمری بھی چیف سیکرٹری کو ارسال کی جائے گی۔ غیر تدریسی ڈیوٹیاں ختم کر دی گئیں ہیں۔ اس سلسلہ میں DCO's صاحبان کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اور آئندہ کوئی ٹیچر غیر تدریسی ڈیوٹی ادا نہیں کرے گا۔

EST,PST اور SST کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے اپ گریڈیشن کا مطالبہ جائز ہے۔ اس پر وزیر اعلی پنجاب کو سمری ارسال کی جائے گی۔ جس پر آئندہ بجٹ میں پیش رفت ہو گی۔ ٹیچرز پیکیج اور ان سروس پرموشن نہ دینے والے ضلعی افسران کے خلاف تادیبی کاروائی کا عندیہ دیتے ہوئے فوراً تفصیلات طلب کرنے کا حکم دیا۔ ہائر سیکنڈری سکولوں کے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جائے گا۔

صرف ایسے ادارے زد میں آئیں گے جن کی کارکردگی انتہائی مایوس کن اور تعداد قلیل ہے۔ PPSC سے گریڈ 17 میں نو منتخب ہیڈماسٹرز کو اسی ماہ تعینات کر دیا جائے گا۔ اور آئندہ ہر ماہ پرموشن کیسز کو جلد از جلد نمٹانے کے لئے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو DPC ہو گی۔ PST اساتذہ کے معاملات حسب سابق ڈپٹی ڈی ای اوز کے سپر د کر دئیے جائیں گے۔ رخصت اتفاقیہ و استحقاقیہ جائز مسئلہ ہے اس کا طریقہ کار بھی وضع کر لیا جائے گا۔

پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کے رزلٹ کا جائزہ لے رہے ہیں کسی ٹیچر کے خلاف بلا جواز کاروائی نہیں کی جائے گی۔ ان تمام معاملات میں پیش رفت کے سلسلہ میں ایک ہفتہ کے اندر اندر جا ئنٹ ایکشن کمیٹی کے راہنماؤں کا آگاہ کر دیا جائے گا۔ سپیشل سیکرٹری سکولز نے وفد کو یقین دلایا کہ اساتذہ راہنماؤں کے وقار کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔وفد نے یقین دہانی کے بعد 7اپریل کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دیئے جانے والے دھرنے کو فی الفور ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ (محمد عقیل)