مودی سرکار اولمپکس 2024ء کی میزبانی حاصل کر نے کے خواہاں

ہفتہ 4 اپریل 2015 09:43

مودی سرکار اولمپکس 2024ء کی میزبانی حاصل کر نے کے خواہاں
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار4اپریل ۔2015ء ) بھارت کی مودی سرکار نے کرہ ارض پر کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس کی میزبانی حاصل کر نے کے خواب دیکھنا شروع کر دیئے ہیں ، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اورانٹر نیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس با ک کی رواں ماہ نئی دہلی میں شیڈول ملاقات کے دوران ہندوستان میں اولمپکس 2024ء کے انعقاد کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ اعظم نریندر مودی 2024ء اولمپک کے لیےبولی لگانے کے لئے تیار ہیں اور اس بڑے ایونٹ میں ہونے والے مالی اخراجات سمیت دیگر تفصیلات جاننے کے بھی خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر تھامس باک 27 اپریل کو ہندوستان آئیں گے اور وہ بھی اسے اولمپک کی میزبانی دینے کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی او سی کے صدر کا اولمپک 2024ء کے لیے ہندوستان کے حق میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ آئندہ اولمپکس ایسے ملک میں منعقد کرانے کےخواہش مند ہیں جس نے اس سے قبل اس ایونٹ کی میزبانی کبھی نہیں کی اور ہندوستان میں یہ ایونٹ منعقد ہونے سے نوجوان ٹیلنٹ کو تقویت اور اس کھیل کو ترقی ملے گی،تھامس باک کا مزید کہنا کہ ۔

1.2ارب کی آبادی پر مشتمل اس ملک کو کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت اولمپکس 2024ء کے لیے احمد آباد کے نام کی بولی دینے پر غور کر رہا ہے ، اس فہرست میں مضبوط امیدوار امریکا نے بوسٹن، جرمنی نے ہیمبرگ، یونان نے روم کے نام میزبانی کے لیے جمع کرائے ہیں جبکہ کینیا ، مراکش، قطر، فرانس او ر روس بھی ممکنہ طور پر بولی لگا سکتے ہیں۔

یاد رہےکہ اولمپکس 2024 کی میزبانی کے لئےہندوستان کے پاس شہر کا نام جمع کرانے کا وقت رواں سال 15 ستمبر تک ہے۔ 2024ء اولمپک کے میزبان شہر کے نام کا اعلان 15 ستمبر 2017ء کو پیرو کے شہر لیما میں کیا جا ئے گا۔ واضح رہے کہ 2016ء اولمپکس کا انعقاد برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہو گا جبکہ 2020ء اولمپکس کی میزبانی جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو کرے گا۔