لوئرباری دوآب کو ماڈل کینال کا درجہ دیا جائے گا‘ صوبائی وزیر آبپاشی

ہفتہ 4 اپریل 2015 14:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ لوئرباری دوآب کو ماڈل کینال کا درجہ دیا جائے گا کیونکہ یہ کینال اپنی سروس ڈلیوری کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،لوئر باری دوآب کینال سسٹم کی ری ماڈلنگ سے نہری پانی کی ترسیل میں مزید بہتری آئے گی اورنہری پانی ضائع ہونے سے بھی محفوظ رہے گا۔

یہ بات انہوں نے ضلع اوکاڑہ اور ساہیوال میں لوئر باری دوآب کینال سسٹم امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت نہر پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ایل بی ڈی سی آئی پی خالد حسین قریشی، سپرنٹنڈنگ انجینئر میاں نثار اکبر، ایگزیکٹو انجینئر اوکاڑہ نجم الثاقب رحمانی کے علاوہ کسان تنظیموں کے صدور بشمول چیئرمین ایل بی ڈی سی ایریاواٹر بورڈ سردار ٹیپو عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو پراجیکٹ سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے اپنے دورہ کے دوران کسانوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نہری شعبے کی ترقی اور اصلاح کے لئے بین الاقوامی سطح پر مروجہ ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہی ہے تاکہ زراعت کے لئے دستیابی آبی وسائل کی بہتر مینجمنٹ یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لوئر باری دوآب کینال صوبہ پنجاب کے انتہائی زرخیز علاقوں کو سیراب کرتی ہے جہاں سے اعلی معیار کی زرعی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں نہری شعبے کی بہتری کے لئے کثیر جہتی منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو بہتر نظام سونپا جا سکے۔اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے کہا کہ حکومتی املاک کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔حکومت اربوں روپے خرچ کرکے نہروں کی ری ماڈلنگ کروارہی ہے لہذا ہمیں اس قومی اثاثے کی ہر ممکن حفاظت کرنا ہو گی تاکہ یہ لمبے عرصے تک ہمارے کام آ سکے۔