Live Updates

یہ وقت ”اب یا کبھی نہیں“ کا ہے، افواج پاکستان ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردوں کو کاری ضرب لگارہی ہے‘ شہباز شریف

ہفتہ 4 اپریل 2015 17:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی تاریخ کے مشکل ترین دوراہے پر کھڑا ہے، دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی آگ نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ہمارے مستقبل اور آئندہ نسلوں کی بقا کی فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے، عسکری اور سیاسی قیادت کے ساتھ تمام ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحے پر ہیں،قوم فیصلہ کر چکی ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے آگ اور خون کا کھیل اب ہر صورت ختم ہونا چاہیئے، پاک افواج دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے برسرپیکار ہیں،آپریشن ضرب عضب میں شاندار کامیابیاں ملی ہیں اور اس آپریشن نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، ضرب عضب کے ذریعے افواج پاکستان دہشتگردوں کو کاری ضرب لگارہی ہے،پوری قوم پاکستان کا کھویا ہوا امن اسے ہر قیمت پر لوٹانے کا عزم کر چکی ہے، ہمیں ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرکے مایوسیوں کو محنت میں بدل کر قوم کو عظیم بنانا ہے، پنجاب حکومت نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب میں جدید تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی اور مجھے یقین محکم ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتے گا کیونکہ یہ وقت ”اب یا کبھی نہیں“ کا ہے،کامیابی ہمارا مقدر بنے گی، ناکامی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول ،بیدیاں روڈمیں انسداد دہشت گردی فورس کے دوسرے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران کارپورلرز نے اپنی تربیت اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے انسداد دہشت گردی فورس کے تربیت مکمل کرنے والے دوسرے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیااور تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے کارپورلرزمیں انعامات تقسیم کئے۔

قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، سیکرٹری داخلہ ، اعلیٰ سول و فوجی حکام، پاس آؤٹ ہونے والے کارپورلرز کے عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعلی محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی انسداد دہشت گردی فورس کے دوسرے بیج کی پاسنگ آؤٹ کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ فورس میں شامل قوم کے جری و بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے شاندار مظاہرے دیکھے ہیں۔ پاکستان کے ان قابل فخر سپوتوں کو قدرت نے جن جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں سے نوازا ہے، اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

میں وزیراعظم نواز شریف، وفاقی و پنجاب حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے تمام نوجوانوں کو تربیتی کورس مکمل کرنے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں جس محنت اور شبانہ روز کی کاوشوں سے آپ آج جس مقام پر کھڑے ہیں اس پر پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ میں آپ کے ٹرینرز، ماسٹر ٹرینرز اور والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور خصوصا والدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے اپنے جگرگوشوں کو میدان میں اتارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی انسداد دہشت گردی، کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سکول کرنل سعد اور محکمہ خزانہ کا بھی شکرگزار ہوں جن کی دن رات کی کاوشیں رنگ لائی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کو درپیش دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے ایک باصلاحیت، مستعدد اور وقت کے جدید ترین تقاضوں پر پورا اترنے والی فورس کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت تھی- اس فورس کی تشکیل کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف کے دیئے گئے ویژن کو ہم نے عملی شکل دی ہے اور مختصر مدت میں انسداد دہشت گردی فورس کا دوسرا دستہ وطن عزیز کو دہشت گردی کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے میدان عمل میں اتر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اسلامی دنیا کو لیڈ کرنے کیلئے پاکستان حاصل کیا تھا لیکن افسوس کہ ہم دہشت گردی کے جال میں پھنس گئے اور دہشت گردی نے ہمیں ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ دہشت گردی کی جنگ میں ہزاروں پاکستانی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی، سری لنکا اور انڈونیشیا جیسے ممالک دہشت گردی پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

مجھے پورا یقین ہے کہ ہم بھی پاکستان کو دہشت گردی کے عذاب سے نجات دلانے میں کامیاب ہوں گے۔افواج پاکستان امن کے دشمن دہشت گردوں کو کاری ضرب لگا رہی ہیں، اس جنگ میں پاک افواج، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے افسران اور جوان قربانیوں کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم یکسو ہے اور اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت پاکستان کے عوام کی ہوگی۔ سبز ہلالی پرچم بلند ہوگا اور پاکستانی قوم دنیا کی ایک عظیم قوم بنے گی۔محنت، امانت اور دیانت کے سنہری اصول اپنا کر تاریخ کا دھارا موڑنا ہوگا۔ ہماری اجتماعی کاوشیں رنگ لائیں گی اور پاکستان ایک بار پھر امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا اور دہشت گردی کے خلاف کامیابی کے جھنڈے گاڑ کر قیام پاکستان کے اصل مقاصد کو پورا کریں گے اور دہشت گردوں کا خاتمہ کریں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ میں چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان اور دیگر فوجی افسران اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے انسداد دہشت گردی فورس کی تربیت میں تعاون اور سہولتیں فراہم کیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق سکھیرا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعظم نوازشریف کے انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل کے ویژن کو عملی شکل دی ہے۔

انسداد دہشت گردی فورس کیلئے 1180 کارپورلز میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے گئے۔424 کارپورلرز پر مشتمل انسداد دہشت گردی فورس کے دوسرے بیج نے 9 ماہ کی تربیت مکمل کر لی ہے اور اس فورس کو جدید آلات اور اسلحہ سے لیس کیا جا رہا ہے۔ فورس کا تمام نظام مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہوگا اور اس سلسلے میں 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کے 5 تھانے آپریشنل ہو چکے ہیں جن کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پنجاب پولیس کو ہر طرح کے وسائل اور رہنمائی فراہم کی ہے۔ انسداد دہشت گردی فورس کی استعدادکار میں اضافے اور معیار کو برقرار رکھنے کیلئے ریفریشر کورسز کا بھی جامع پروگرام وضع کیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے انسداد دہشت گردی فورس کے دوسرے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کرکے کارپورلز کا حوصلہ بڑھایا۔

صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے تربیت مکمل کرنے والے کارپورلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو آپ سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ آپ نے کٹھن اور مشکل چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کرنا ہے۔ میں کارپورلرز کی شاندار کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات