واسا اور ٹیپا کے 781کنٹریکٹ ملازمین مستقل ‘ایل ڈی اے کے155ملازمین کی ترقی

نئی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی کے لئے فیروز پور روڈ اور کاچھا ریلوے کراسنگ تک سڑکیں تعمیر کرنے کی منظوری

ہفتہ 4 اپریل 2015 17:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی نے واسا اور ٹیپا کے781کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے‘ ایل ڈی اے اور اس کی ذیلی ایجنسیوں کے 155ملازمین کو ترقی دینے ‘ نئی شروع کی جانے والی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی کے لئے گجومتہ فیروز پورروڈ سے کاہنہ کاچھا تک مجوزہ رنگ روڈ کے متوازی نئی سڑک تعمیر کرنے‘ سکیم کے شمالی جانب ہڈیارہ ڈرین سے کاچھا ریلوے کراسنگ پر تعمیر کئے جانے والے فلائی اوور تک راستہ بنانے اور واسا ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کے لئے سوک سنٹر جوہر ٹاؤن میں چار کنال کا پلاٹ الاٹ کرنے کی منظور ی دے دی ہے ۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس گزشتہ روزوائس چیئر مین ایل ڈی اے خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت90شاہراہ قائد اعظم پرمنعقد ہوا جس میں لاہور سے رکن صوبائی اسمبلی باؤ محمد اختر‘ قصور سے محمد یعقوب ندیم سیٹھی اور ننکانہ صاحب سے رانا محمد ارشد ‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد خاں چیمہ ‘مینجنگ ڈائریکٹر واساچودھری نصیر احمد‘ ایل ڈی اے کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹر ) آمنہ منیر‘ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ( ہاؤسنگ )عمارہ خان ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف میٹرو پولیٹن پلانر وحید احمد بٹ‘ چیف ٹاؤن پلانر چودھری محمد اکرم اور صوبائی محکمہ ہاؤسنگ‘ منصوبہ بندی ، بلدیات اور خزانہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لئے پرائیویٹ رہائشی سکیموں کے رہن شدہ پلاٹوں کی بحالی اور ان سکیموں کے رہائشی پلاٹوں کی سب ڈویژن کی منظوری دینے کا اختیار چیف میٹروپولیٹن پلانر جبکہ مستقل کمرشلائزیشن کی منظوری کا اختیار چیف ٹاؤن پلانر کو دینے کافیصلہ کیا گیا۔ بی آر بی کینال‘جی ٹی روڈ‘شالیمار لنک روڈ‘برکی روڈ‘بیدیاں روڈ اور ہڈیارہ ڈرین تا بی آر بی کینال کے علاقے کا لینڈ یوز تبدیل کرنے اور اسے رہائشی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے لئے ماسٹر پلان میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی ۔

نئی شروع کی جانے والی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی کے لئے ایک ارب 13کروڑ روپے کی لاگت سے گجومتہ فیروز پورروڈ سے کاہنہ کاچھا تک2.1کلومیٹر طویل اور180فٹ چوڑی نئی سڑک تعمیر کرنے کی انتظامی منظوری دی گئی ۔ اس کے علاوہ سکیم کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر تعمیر کئے جانے والے کاہنہ کاچھا فلائی اوور تک راستہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور فلائی اوور منصوبے کے لئے حصول اراضی اور یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کے لئے مختص کی جانے والی رقم81کروڑ روپے کر دی گئی ۔

متعلقہ عنوان :