پاک بحریہ کا جہاز ا لمکلہ سے پاکستانی اور غیر ملکی محصورین کے انخلاء کے بعد واپسی کے سفرپہ گامزن

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:05

پاک بحریہ کا جہاز ا لمکلہ سے پاکستانی اور غیر ملکی محصورین کے انخلاء ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) یمن کے شہر المکلہ میں محصور 147پاکستانیوں بشمول مرد،خواتین اور بچے اور 36غیر ملکیوں کے کامیاب انخلاء کے بعد پاک بحریہ کے جہاز نے وطن واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے۔36غیر ملکیوں میں سے 8 کا تعلق چین ، 5 کا فلپائن ، 4 کا برطانیہ ، 2 کا شام اور2 کا انڈونیشیا سے ہے ۔ غیر ملکی محصورین میں بھارت کے 11جبکہ کینیڈا ،مصر، اردن اور متحدہ عرب امارات کے ایک ایک شہری شامل ہیں۔

تمام محصورین کو امیگریشن کا عمل مکمل کرنے کے بعد باحفاظت پاک بحریہ کے جہاز پر منتقل کیا گیا ۔ محصورین کی پاکستان محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کے جہاز پر جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔پاک بحریہ کا جہاز 2 اپریل کی صبح المکلہ پہنچا تھا۔ تاہم المکلہ کے سیکیورٹی حالات کے پیش نظراور قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے یمنی حکام کی طرف سے جہاز میں سوار ہونے کے لئے محصورین کو 4اپریل کی صبح تک بندرگاہ تک سفر کی اجازت نہ تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان نیوی کا جہاز پی این ایس اصلت انشاء اللہ سات اپریل کو کراچی پہنچ جائے گا۔پاکستان نیوی پاکستان کے میری ٹائم اثاثہ جات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ یمن میں محصور پاکستانیوں اور دیگر ممالک کے شہریوں کی محفوظ وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔