رواں سال کے دوران مختلف تربیتی پروگراموں کا آغاز کر کے انرولمنٹ کو ایک لاکھ سے بڑھا کر دو لاکھ کریں گے‘ چیئرمین ٹیوٹا

حکومت پر مالی بوجھ نہیں بنیں گے‘ٹیوٹا مفت فنی تربیت فراہم کرنے والے نجی اداروں کی حوصلہ افزائی کریگی‘ عرفان قیصر شیخ

اتوار 5 اپریل 2015 15:41

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء )چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ ٹیوٹا ضرورت مند طلباء کو مفت فنی تربیت کی سہولیات فراہم کرنے والے نجی اداروں کی حوصلہ افزائی کریگی، ٹیوٹاحکومت پر مالی بوجھ بڑھائے بغیر رواں سال کے دوران مختلف تربیتی پروگراموں کا آغاز کر کے انرولمنٹ کو ایک لاکھ سے بڑھا کر دو لاکھ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انوہں نے ڈیفنس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام سالانہ اجلاس عام اورتقسیم انعامات کی تقریب سے گزشتہ روزخطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے ڈیفنس ویلفیئر سوسائٹی کی انتظامیہ کا ٹیوٹا کے تعاون سے اپنے سینٹر میں فنی تربیت فراہم کرنے کے لئے مشن کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں اداروں نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے جس کے مطابق ڈیفنس ویلفیئر سوسائٹی کے تحت ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں ووکیشنل ٹریننگ فراہم کرنے کے بعد ٹیوٹا کی جانب سے سرٹیفکیشن فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس ادارے کے رجسٹرڈ ہونے کے بعد سینٹر کے پاس آؤٹ کیلئے ملازمت کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ ٹیوٹا بھی اس سینٹر میں ٹریننگ حاصل کرنے کیلئے اپنے طالب علموں کوبھیجنے کیلئے اقدامات کرے گی۔اس موقع پر انہوں نے ٹیوٹا کی جانب سے صوبہ بھر میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ ٹیوٹانے حال ہی میں غیر رسمی طور پر تربیت یافتہ افرادی قوت کیلئے استاد شاگرد پروگرام جس کے تحت ان کی مہارت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جس کے حصول کے بعد وہ اندرون وبیرون ملک سرکاری ، نجی اور پرائیویٹ اداروں میں ملازمت حاصل کرنے کے قابل ہوجائیں گے ۔