غیر فعال قرضوں کی مد میں ایک ارب70لاکھ کی وصولیاں کرلیں ‘ صوبائی زیر کوآپریٹو

اتوار 5 اپریل 2015 16:08

لاہور( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء)صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنٹر نے کہا ہے کہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ نے ساہیوال اور ملتان زونز میں یکم جولائی 2014ء تا 20مارچ2015تک غیر فعال قرضہ جات کی مد میں170.17لاکھ روپے کی وصولی کی ہے جس میں سے150.26ملین روپے کیش اور 19.91ملین روپے مالیت کی زمین بینک کے نام ٹرانسفر کر کے کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساہیوال زون میں31مارچ 2015ء تک 145ملین اور ملتان زون میں170ملین روپے کے قرضہ جات کے اجراء کا ہدف مقرر کیا تھا جبکہ 20مارچ تک ساہیوال زون میں 82.09ملین اور ملتان میں64.40ملین روپے کے قرضہ جات کا اجرا ہوا۔ انہوں نے امداد باہمی اور پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے افسران پر زور دیا کہ وہ مقرر کردہ ہدف کے مطابق قرضہ جات کے اجراء کو مکمل کریں۔

مقررہ ہدف کے مطابق کام نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ بینک نے رواں سال ساڑھے گیارہ ارب روپے کے قرضہ جات کے اجراء کا ہدف مقرر کیا ہوا ہے اور اپریل 2015ء میں بینک فصل خریف 2015ء کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیزکے ذریعے ممبر کاشتکاروں میں پیداواری قرضہ جات کا اجراء کرے گا جس کے لیے2500ملین روپے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔