حقیقی تبدیلی کیلئے شفاف انتخاب اور احتساب ناگزیر ہے،ناصراقبال خان

اتوار 5 اپریل 2015 17:38

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء ) ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدرمحمدناصراقبال خان ،سیکرٹری جنرل محمدرضاایڈووکیٹ،سینئر نائب صدورفاروق چوہان،آصف چٹھہ ،میاں زاہدلطیف،صدرمدینہ منورہ سرفرازخان نیازی، صدرکراچی یونس میمن،صدرپنجاب یونس ملک،نائب صدورشیخ طلال امجد،احدحنیف،صدرشیخوپورہ عمران حیدراورصدرٹیکسلاسردارمنیراختر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بدانتظامی اوربدعنوانی زوروں پر ہے۔

سیاستدانوں کی ایک دوسرے کیخلاف بدزبانی سے بدامنی یابدعنوانی ختم نہیں ہوگی۔ہرسیاسی جماعت کااپنااپنا ایجنڈا اور جھنڈاہے قومی ایجنڈا کون بنائے گا۔قومی یکجہتی کاراستہ قومی ایجنڈے اورسبزہلالی جھنڈے سے ہوکرجاتا ہے ۔ پاکستان میں مثبت تبدیلی کیلئے شفاف انتخاب کے ساتھ ساتھ بے رحم احتساب پرزوردیاجائے۔

(جاری ہے)

اگرقومی مجرمان کااحتساب نہ ہوا تو پاکستان میں خونیں انقلاب کاراستہ ہموار ہوگااورپھرسرمایہ داراشرافیہ کوپناہ نہیں ملے گی۔

وہ ایک اجلا س سے خطاب کررہے تھے ۔محمدناصراقبال خان نے مزید کہا کہ انسانوں کی بقاء وبہبودکیلئے مساوات اورانصاف پرمبنی نظام بنایا جائے۔ اقتدارمیں شریک سیاستدان مصلحت پسنداورایک دوسرے کے رازدار ہوتے ہیں لہٰذاء ایک چوردوسرے چورکااحتساب نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی تسلی بخش نہیں،کڑے احتساب کیلئے ایک بااختیار، خودمختار اور غیر جانبدار ادارہ بنایا جائے ۔

اگرپاکستان میں آئین بنانیوالے خود اس کااحترام اوراس کی پاسداری نہیں کرتے توعوام سے توقعات کیوں رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں بلکہ چندبااثر سیاسی خاندانوں کاراج اوراقتدارکے ایوانوں میں چاپلوسی کارواج ہے۔یہ سیاسی خاندان باری باری اقتدارمیں آتے اورایک دوسرے کواحتساب سے بچاتے جبکہ عوام کا استعمال اوراستحصال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ہوتے ہوئے عام آدمی کامعیارزندگی بلندہوگااورنہ اس کی زندگی میں آسودگی آئے گی ۔