ہر دلعزیز صحافی اسد ساہی کی یاد میںکورٹ رپورٹرز ایسویسی ایشن کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا،تعزیتی ریفرنس میں مرحوم کی صحافتی اور پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا گیا اور بلند درجات کے لئے دعائے مغفرت کی گئی

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 6 اپریل 2015 14:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء)تعزیتی ریفرنس سے کورٹ رپورٹرز ایسویسی ایشن کے عہدیداروں اور ممبران نے خطاب کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کورٹ رپورٹرز ایسویسی ایشن کے صدر شاداب ریاض نے کہا کہ اسد ساہی ہر مشکل وقت میں صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے۔غیر جانبدار رہتے ہوئے بروقت اور کھری خبر دینا ان کا طرہ امتیاز تھا۔

(جاری ہے)

سینئیر نائب صدر عبدالرحمن نے کہا کہ اسد ساہی شعبہ صحافت اختیار کرنے والے صحافیوں کی رہنمائی کرتے تھے،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیدار ہونے کی حیثیت سے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کی آواز بلند کرتے رہے۔

محمد اشفاق،عابد خان،ملک اشرف،شعیب علی،رانا تنویر،محمد ہارون،میاں داود،عبادالحق،شاہد حسین و دیگر ممبران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسد ساہی بہت بڑی شخصیت کے مالک تھے،کرائم رپورٹنگ میں بھر پور مہارت رکھتے تھے کرائم رپورٹنگ میں ایک عرصہ گزارنے کے باوجود سیاسی بیٹ کیاہم خبریں ڈھونڈ لاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اسد ساہی کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی یادیں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی۔