زہر آلود اشیاء بیچنے والوں کی جگہ جیل ہے، اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں، متعلقہ ادارے صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پرملاوٹ کیخلاف جامع میکانزم مرتب کریں

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

پیر 6 اپریل 2015 18:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خور د و نوش کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وہ پیر کو سول سیکرٹریٹ میں اعلی ٰ سطحی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس میں پنجاب بھر میں ملاوٹ کے خلاف بھرپور مہم چلانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوران ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں متعلقہ محکموں اور اداروں کوملاوٹ کے خلاف جامع اور موثر ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ عوام کو زہر آلود اشیاء بیچنے والوں کی جگہ جیل ہے، اس ضمن میں موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کا جائزہ لیا جائے اور جامع پلان مرتب کرکے اس پر موثر عملدرآمد کے حوالے سے بھی سسٹم وضع کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی، ڈویژن، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر عملدرآمد کے حوالے سے جامع میکانزم مرتب ہونا چاہیئے۔ صوبائی وزراء بلال یاسین، چوہدری محمد شفیق، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :