اسلامی دنیا کی سا لمیت پاکستان کی سالمیت سے جڑی ہے، ڈاکٹر مجاہد کامران

کھوئی ہوئی عظمت اور قوت کو حاصل کرنے کے لئے نئے علم کی تخلیق کی جانب توجہ دینا ہو گی ‘وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

پیر 6 اپریل 2015 18:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کی سالمیت پاکستان کی سالمیت سے جڑی ہے، کھوئی ہوئی عظمت اور قوت کو حاصل کرنے کے لئے نئے علم کی تخلیق کی جانب توجہ دینا ہو گی ۔ وہ مجلس فاضلین علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام منعقد سالانہ اجلاس اور ”پاکستان کی سالمیت میں اساتذہ کی ذمہ داریاں“ کے موضع پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب میں ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ بشارت، سرپرست مجلس علوم فاضلین پروفیسر ڈاکٹر سعد صدیقی، صدر پروفیسر ڈاکٹر مدثر احمد، سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی، ڈائریکٹر شیخ زید اسلامک سنٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز، ڈائریکٹر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد منصوری، صدر آل پاکستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر زاہد احمد شیخ،ڈاکٹر محمدعلی ندیم، پروفیسر امیر حمزہ، پروفیسر نذیر احمد اور مختلف اضلاع سے آئے اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ افسو س ہے کہ نئے علم کی تخلیق اور نت نئی ایجادات میں مسلمانوں کا کوئی حصہ نہیں ہے جس کی وجہ سے اسلامی دنیا کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی تقریباََ 750 آیات میں فکر، تدبر و تفکر کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو علم کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے سرکاری سرپرستی ضروری ہے قیادت جب تک تعلیم پر پیسے خرچ نہیں کرے گی، حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرہ بشارت نے کہا کہ قوموں کے عروج میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے اسلامیات کے اساتذہ کو مجدد الف ثانی کا کردار ادا کرنا اور مسائل کا اسلامی حل پیش کرنا ہو گا۔ پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد منصور ی نے کہا کہ امت کو لیڈر شپ کے بحران کا سامنا ہے پاکستان اور دنیائے اسلام کی سالمیت کے لئے ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متحد ہو کر عدل اور احتساب کا نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے پروفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز نے کہا کہ انسان کو نکھارنے اور شخصیت کو سنوارنے میں میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہے لہذا اساتذہ کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئیے۔

پروفیسر ڈاکٹر زاہد احمد شیخ نے کہا کہ اگر ملک کو سالم رکھنا ہے تو جمہوری نظام کو چلنا چاہئیے اور ووٹ کے فیصلے کو تسلیم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب بذریعہ تعلیم ہمارا ایجنڈا ہونا چاہئیے۔ پروفیسر ڈاکٹر سعدصدیقی نے شعبے کی ترقی کے لئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی سرپرستی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز ملنے پر مجلس فاضلین علوم اسلامیہ کی جانب سے مبارکبا دپیش کی گئی۔