وفاقی خاتون محتسب نے دوخواتین کے الزامات پر پاکستان پوسٹ آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹرل جنرل بدرالزمان کو 14 اپریل کو طلب کر لیا

گجرات کی خاتون شازیہ نے بدر الزمان پر جنسی طور پر حراساں کرنے ، لاہور کی رہائشی سنبل گل نے انتقامی کارروائیاں کرنے پر درخواست دی

پیر 6 اپریل 2015 20:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) وفاقی خاتون محتسب نے دوخواتین کو جنسی طورپر حراساں کرنے اور انتقامی کاروائیاں کرنے پر پاکستان پوسٹ آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹرل جنرل بدرالزمان کو 14 اپریل ( منگل ) کو طلب کر لیا ۔ذرائع کے مطابق بدرالزمان کے خلاف گجرات سے تعلق رکھنے والی خاتون شازیہ نے درخواست( 1(135)\2015.FOS) دی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ انہیں بدرالزمان کی طرف سے جنسی طور پر حراساں کیاگیا ہے جبکہ 640،ایچ بلاک سبزہ زار لاہور کی رہائشی سنبل گل نے بھی بدرالزمان کے خلاف دی گئی درخواست میں الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک عرصے سے پرائیوٹ ڈاک خانہ FPOL.190\SOUTH کریم بلاک اقبال ٹاؤن میں چلارہی تھی لیکن بعض وجوہات کی بنا پر میں کچھ ادائیگی محکمہ کو نہ کراسکی کیونکہ مجھے یہ بزنس کریڈٹ پر ملا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی درخواست میں اس بات کی وضاحت بھی کی کہ بدرالزمان مجھ سے اس لئے بھی مخاصمت رکھتا ہے کیونکہ وہ خود بھی پوسٹ آفس کی ایک فرنچائز FPOL.012 سیکنڈری بورڈ میں اپنے حقیقی بھائی کے نام پر چلارہا ہے،چونکہ میرے فرنچائز کا بزنس زیادہ اچھا چل رہا تھا اس لئے وہ میرا دشمن بن گیا جس کے بعد اس نے کئی بار مجھے پیغام بھیجے کہ میں اسے اسلام آباد آکر ملوں اور اس سے پارٹنرشپ کی بات کروں چونکہ وہ اعلی عہدے پر فائز تھا اس لئے مختلف طریقوں سے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کرتا رہا۔

میری درخواست ہے کہ بدرالزمان کے خلاف انکوائری کرائی جائے اور اس کے اثرور سوخ سے روکے گئے میرے تمام واجبات بھی فوری طور پرادا کئے جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی خاتون محتسب نے بدرالزمان کو 14 کو طلب کر لیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :