خیبر پختونخوا میں پنشنرز کے لئے پنشنز کارڈ کے اجراء کا آغاز کر دیا گیا

پیر 6 اپریل 2015 21:05

خیبر پختونخوا میں پنشنرز کے لئے پنشنز کارڈ کے اجراء کا آغاز کر دیا گیا

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء)خیبر پختونخوا میں پنشنرز کے لئے پنشنز کارڈ کے اجراء کا آغاز کر دیا گیا ہے۔حکومت پنشنر زکی زندگی بھر کی خدمات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کو پنشن کی سہل طریقے سے بروقت ادائیگی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔اس سلسلے میں پنشنرز کو گرم اور سرد موسم میں بنکوں کے سامنے قطاروں میں کھڑا ہونے کی صعوبت سے بچانے کے لئے پنشن کی براہ راست بنک اکاؤنٹ میں منتقلی کے نظام کا اجراء کیا جاچکا ہے جس کو بتدریج توسیع دی جا رہی ہے۔

پنشنرز اپنی صوابدید اور سہولت کے مطابق کسی بھی وقت اپنے اکاؤنٹ سے پنشن کی رقم نکال سکتے ہیں اور ان کو اے ٹی ایم کی سہولت بھی دستیاب ہے۔حکومت خیبر پختونخوا کے ایسے تمام پنشنرز جنہوں نے اپنی پنشن کمپیوٹرائزکروا لی ہے اور بذریعہ ڈی سی ایس براہ راست اپنے بنک اکاؤنٹ میں ماہانہ پنشن وصول کرتے ہیں ان کو مزید سہولت باہم پہنچانے کے لئے صوبائی حکومت نے پنشنرز شناختی کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں ڈی سی ایس سے استفادہ کرنے والے تمام پنشنرزکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ www.financekpp.gov.pkپر دستیاب فارم پر کر کے ایک عدد تصدیق شدہ تصویر کے ساتھ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایچ آر ونگ محکمہ خزانہ سول سیکرٹریٹ پشاور کو بذریعہ ڈاک ارسال کریں۔

(جاری ہے)

ان کا پنشنرز کارڈ ان کے فارم میں دیئے گئے پتوں پر بذریعہ رجسٹرڈ ڈاک بھیجا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ سہولت ان پنشنرز کے لئے نہیں ہے جو پی پی او یا پنشن بک کے ذریعے اپنی ماہانہ پنشن نیشنل بنک کے کاؤنٹر سے لیتے ہیں۔اس امرکا اعلان محکمہ خزانہ کے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کیا گیا۔