نازنین ہیپی کیس میں پولیس نے روبیل حسین کو ’ بے گناہ ‘ قرار دیدیا

منگل 7 اپریل 2015 12:51

نازنین ہیپی کیس میں پولیس نے روبیل حسین کو ’ بے گناہ ‘ قرار دیدیا

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) مقامی پولیس نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر روبیل حسین کو اداکارہ نازنین اختر ہیپی کی جانب سے دائر کردہ مقدے میں کلین چٹ دے دی، ادکارہ نے پہلے ہی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی عمدہ پرفارمنس پر مقدمہ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

انویسٹی گیشن آفیسر حلیمہ خاتون نے ڈھاکا کورٹ میں تفتیشی رپورٹ جمع کرادی، کیس کی سماعت 13 اپریل کو شیڈول ہے، رپورٹ میں پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے حوالے سے انھیں بولر کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا، واضح رہے کہ نازنین نے گذشتہ برس 13دسمبر کو میرپور پولیس اسٹیشن میں روبیل پر شادی کرنے کے جھوٹے وعدے کرنے پر مقدمہ دائر کیا تھا۔

جس کے دو دن بعد انھیں چار ہفتوں کی ضمانت مل گئی تھی، لیکن اس کیس میں 8 جنوری کو انھیں جیل بھیج دیاگیا تھا، جس کے بعد عدالت نے 11 جنوری کو دوسری بار ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی دی تھی، جس پر وہ ورلڈ کپ کیلیے آسٹریلیا کا سفر کرپائے تھے، تاہم میگا ایونٹ میں انگلینڈ کیخلاف بنگال ٹائیگرز کی فتح پر نازنین نے مقدمہ واپس لینے کا اعلان کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :