(ن) لیگ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں غیر جمہوری رویہ اختیار کیا ‘خدیجہ عمر فاروقی

منگل 7 اپریل 2015 14:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ق)کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں غیر جمہوری رویہ اختیار کیا اس رویے کے بعد یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ (ن) لیگ کے وزیروں کو سیاسی اور اخلاقی تربیت کی ضرورت ہے، دھرنے کے دوران وزیراعظم کی آنکھیں ہر وقت کھلی اور حلق خشک رہتا تھا اور وہ منتیں ترلے کرتے پھرتے تھے جیسے ہی سیاسی مفاہمت سامنے آئی وہ دوبارہ تکبر اور غرور پر اتر آئے ن لیگ والے یاد رکھیں اسی تکبر اوررعونت کے باعث وہ پہلے بھی دربدر ہو چکے ہیں، اقتدار اور طاقت ہمیشہ کیلئے نہیں ہوتے اور نہ ہی دن پھرتے ہوئے دیر لگتی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے خدیجہ فاروقی نے کہا کہ یہ ایک عجیب و غریب منظر تھا کہ اپوزیشن والے ایوان کے ماحول کو پرامن رکھنے کیلئے کوشش کررہے تھے اور حکومت جس نے یہ اجلاس بلایا تھا وہ اسے تلپٹ کرنے پر تلی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

یوں لگ رہا تھا جیسے یہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہیں بلکہ لاہور کی کسی یونین کونسل کا اجلاس ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے سیاسی قوتوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ سوچ سمجھ کر مذاکرات اور ان کا اعتبار کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع کو یمن کے ایشو پر اپنے موقف کا دفاع کرنا چاہیے تھا مگر یہ دنیا کے واحد وزیر دفاع ہیں جو اپنی فوج کے اوپر اسی پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر حملہ آور ہو چکے ہیں جو یقیناً شرم والی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے ایشو پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کاکھلے دل کے ساتھ خیرم مقدم کیا جانا چاہیے تھا ،یہ پارلیمنٹ اور نظام کسی کی جاگیر نہیں ہے مگر ن لیگ نے اپنے افسوسناک رویے سے ثابت کیا کہ قومی اہمیت کے حامل مواقع پر بھی وہ اپنی ذاتی انتقامی سیاست سے الگ تھلگ نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے پارلیمنٹ میں اختیار کیے گئے رویے کو نرم سے نرم الفاظ میں بھی شرمناک ہی قرار دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :