کھیلوں کی پرموشن کے لیے حکومت تمام کھیلوں کی تنظیموں کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون کرئے گی ‘ اعجاز چودھری

کھیل ایک ایسا ہتھیار ہے جس سے دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے‘اختر رسول اعجاز چودھری ودیگر کا انٹرنیشنل سپورٹس ڈے فار ڈولپمنٹ اینڈ پیس سیمینار سے خطاب

منگل 7 اپریل 2015 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) وفاقی سیکرٹری سپورٹس اعجاز چودھری کا کہنا ہے کہ کھیلوں کی تمام تنظیمیں اپنے ڈولپمنٹ پروگرام بنائیں تاکہ کھلاڑیوں میں ترقی کرنے کے اصل مقاصد حاصل کیے جا سکیں، پاکستان ہاکی فیڈریشن بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی تیاری کے لیے اپنے تربیتی کیمپس لگائے حکومت اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتے ہیں جس کے لیے وہ ملک میں امن و امان کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام انٹرنیشنل سپورٹس ڈے فار ڈولپمنٹ اینڈ پیس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ آج کے کامیاب سیمینار کے انعقاد پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن، پی او اے کی عہدیداران، سپورٹس بورڈ پنجاب اور کھیلوں کی تنظیموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

دنیا میں کھیلوں کو ترجیحی بنیادوں پر لا کر ان کے بجٹ میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ صحت کے شعبہ پر اٹھنے والے اخراجات سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی پرموشن کے لیے حکومت تمام کھیلوں کی تنظیموں کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون کرئے گی اس کے لیے ضروری ہے کہ کھیلوں کی تنظیمیں بھی نیک نیتی سے کام کریں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کا کہنا تھا کہ ہماری کھیلوں کی تنظیموں میں موجود سیاست کی وجہ سے کھیلیں ترقی نہیں کر رہی ہیں۔

پنجاب حکومت نے سپورٹس کی پرموشن کے لیے ایک ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ جاری کیا ہے جس میں موجودہ اور سابقہ کھلاڑی اور آفیشلز کی مالی مشکلات کو دور کیا جائے گا۔ حمزہ شہباز شریف نے اگلے سال کے مالی بجٹ میں اس انڈومنٹ فنڈ کو 3 ارب روپے تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کھیلوں کی تنظیمیں نیک نیتی سے کام کریں تو ہم بھی ان کے ساتھ اپنا مکمل تعاون جاری رکھیں گے لیکن ہمارے ہاں ایسا نہیں ہے جس کے لیے قواعد و ضوابط ضروری ہے۔

پنجاب حکومت نوجوانوں کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقعے فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں وہ وقت دور نہیں ہے جب ہم ملک میں ایشین گیمز، اولمپک گیمز اور سیف گیمز جیسے ایونٹس کی میزبانی کے فرائض انجام دینگے۔ اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر چودھری یعقوب نے پی اے او اے کے صدر سید عارف حسن کا پیغام پڑھ کر سنایا۔

سابق لیجنڈ جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتے جب تک سکول و کالجز کی سطح پر نئے کھلاڑی نہیں ملیں گے۔ گراونڈز کو آباد کرنے کی ضرورت ہے یہ حکومتی تعاون کے بغیر اب ممکن نہیں ہے۔ آئی او سی اور پی او اے کا مشکور ہوں جنہوں نے ڈولپمنٹ کے شعبہ کی جانب سے توجہ دینا شروع کر دی ہے۔ ہم اگر اپنے نوجوانوں کو کھیل کے مواقعے فراہم کرینگے تو آج بھی ہمیں ورلڈ چیمپیئن مل سکتے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختر رسول کا کہنا تھا کہ کھیل ایک ایسا ہتھیار ہے جس سے دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ہمیں اپنی اندر کی نفرتوں کو ختم کر کے نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے سوچنا ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق سیکرٹری کرنل مدثر اصغر کا کہنا تھا کہ ملک میں جس طرح دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں اس میں کھیلوں کو ترقی نہیں دی جا سکتی۔

سپورٹس ایک ایسا ذریعہ ہے جس کے ذریعے انسان کے اندر چھپی حیوانیت کو قابو کیا جا سکتا ہے۔ اولمپیئن طارق عزیز کا کہنا تھا کہ ماضی اور حال میں بہت زیادہ فرق آ گیا ہے۔ ہاکی میں رزلٹ حاصل کرنے کے لیے دس بارہ دن کے تربیتی کیمپس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا پاکستان ہاکی فیڈریشن کو چاہیے کہ وہ لمبے کیمپ لگائے تاکہ رزلٹ حاصل ہوں۔ پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کی وینا مسعود نے ورلڈ سپورٹس ڈے کی آئی او سی کی نظر میں حیثیت پر نظر ڈالی۔ سیمینار میں کھیلوں کی تنظیموں کے صدر اور سیکرٹریز سمیت اولمپیئنز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں پی او اے کے سیکرٹری خالد محمود اور شوکت جاوید نے سیمینار کے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :