سلمان خان اور اسد الدین اویسی کی لڑائی میں ایک نیا موڑ

بدھ 8 اپریل 2015 13:35

سلمان خان اور اسد الدین اویسی کی لڑائی میں ایک نیا موڑ

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر لوک سبھا کے ممبر اسد الدین اویسی اور بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے درمیان گزشتہ ایک سال سے جاری لڑائی نے ایک نیا موڑ لیا ہے، اسد الدین نے اب سلمان خان کو شرابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان اپنی جان بچانے کیلئے ہِٹ اینڈ رن کیس میں جان بوجھ کر اپنے ڈرائیور کو پھنسا رہے ہیں۔

ممبئی میں گفتگو کرتے ہوئے اسد الدین نے سلمان خان کو بیوڑا قرار دے دیا، ہندی میں یہ لفظ عادی شرابی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اسد الدین نے کہا کہ وہ بیوڑا اپنے ڈرائیور کو پھنسا رہا ہے حالانکہ حادثے کے وقت گاڑی وہ خود چلا رہا تھا اور اسی نے لوگوں کو اپنی گاڑی کے نیچے کچلا، اسد الدین کی طرف سے اس نئے حملے کا ابھی تک سلمان خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔

(جاری ہے)

سلمان خان اور اسد الدین کے درمیان لڑائی گزشتہ سال تب شروع ہوئی جب سلمان خان نے بی جے پی کی انتخابی مہم میں شرکت کی اور نریندر مودی کی حمایت میں بیان دیا۔ انہوں نے بی جے پی کی ریلی میں نریندر مودی کے ساتھ ٹرک پر کھڑے ہو کر لوگوں سے خطاب بھی کیا۔ اسد الدین اویسی اور ان کی جماعت مودی اور بی جے پی کے سخت خلاف ہے اور نریندر مودی کو 2002 میں گجرات میں مسلم کش فسادات کا ذمہ دار قرار دیتی ہے۔

سلمان خان کی مودی کی حمایت ان کی مخالفت کی وجہ بن گئی۔ اسد الدین اویسی اس سے قبل سلمان خان کی فلموں کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں۔ اویسی نے جنوری میں ممبئی میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ تمام مسلمانوں کو سلمان خان کی فلموں کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ اس پر سلمان خان کی طرف سے جواب آیا تھا کہ اگر کسی کیاس طرح روکنے سے کوئی فلمیں دیکھنے سے رک جاتا ہے تو اویسی اپنا شوق پورا کر لیں۔ سلمان خان کی بہن ارپتا کی شادی ایک ہندو خاندان میں ہوئی، اسد الدین کی طرف سے اس اقدام پر بھی سلمان خان اور ان کے خاندان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :