حکومت پنجاب خطرناک و ممنوعہ شعبہ جات میں بچوں سے مشقت کے خلاف سخت کارروائی کررہی ہے‘راجہ اشفاق سرور

بدھ 8 اپریل 2015 14:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ محکمہ لیبر حکومت پنجاب نے بچوں سے ملازمت ایکٹ 1991کے تحت خطرناک و ممنوعہ شعبہ جات میں مشقت لینے والے آجران کے خلاف کارروائی کر کے مجموعی طور پر 1163چالان مجاز عدالتوں میں بھجوائے اور 2لاکھ 95ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی ممکن بنائی، حکومت پنجاب تحفظ یافتہ صنعتی کارکنوں ، مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو ادویات سمیت علاج معالجہ کی مفت اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

محکمانہ امور کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے بتایا کہ محکمہ لیبر کے زیر انتظام ضلع ساہیوال میں 845فیکٹریاں، کارخانے اور ادارے رجسٹرڈ ہیں۔

(جاری ہے)

ساہیوال کے فیکٹری ورکرز کے لیے تمام بنیادی ضروریات زندگی سے آراستہ 11.78ایکڑ روقبے پر محیط 295رہائشی پلاٹوں پر مشتمل لیبر کالونی بنائی گئی ہے جبکہ یہاں سمال انڈسٹری ا سٹیٹ میں جدید طبی سہولیات سے مزین ایک سوشل سکیورٹی ہسپتال جبکہ دیگر مقامات پر 4سوشل سکیورٹی طبی مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں۔

گوجرانوالہ میں محکمہ لیبر کے زیر انتظام ایک سوشل سکیورٹی ہسپتال اور 11ڈسپنسریاں کام کررہی ہیں۔ گوجرانوالہ سوشل سکیورٹی ہسپتال میں 20شعبہ جات میں صنعتی ورکرز کو علاج معالجہ اور مفت ادویات کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں جسے ہیلتھ کیئر کمیشن نے بھی اپنے حالیہ معائنہ میں بہترین قرار دیا ہے۔سوشل سکیورٹی ہسپتال گوجرانولہ کو رواں مالی سال بجٹ میں 26کروڑ 37لاکھ روپے جبکہ ضلع گوجرانولہ کی تمام سوشل سکیورٹی ڈسپنسریز کو مجموعی طور پر 8کروڑ 54لاکھ 86ہزار روپے کے فنڈز دئیے گئے ۔

مدینہ ٹاؤن فیصل آباد میں 300بستروں پر مشتمل سوشل سکیورٹی ہسپتال جبکہ 25بستروں پر مشتمل سوشل سکیورٹی منی ہسپتال جوہر آباد جڑانوالہ میں رجسٹرڈ صنعتی ورکرز کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سوشل سکیورٹی ہسپتال میں امسال 120بستروں پر مشتمل میٹرنل ، نیوبارن اینڈ چائلڈ ہیلتھ سنٹر کے قیام کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیگ سنگھ کے صنعتی ورکرز اور ان کے اہل خانہ کے لیے 7طبی مراکز کام کررہے ہیں، نیز ٹوبہ ٹیگ سنگھ لیبرکالونی میں 301جبکہ لیبر کالونی لیہ میں مزدوروں کے لیے 730رہائشی پلاٹس رکھے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :