یووراج سنگھ، گوتم گھمبیر، وریندر سہواگ، ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ ٹیم میں واپسی کیلئے پر عزم

بدھ 8 اپریل 2015 15:53

یووراج سنگھ، گوتم گھمبیر، وریندر سہواگ، ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ ٹیم ..

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)انڈین پریمیئر کرکٹ لیگ (آئی پی ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں پانچ بھارتی کھلاڑی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بھارتی ٹیم میں واپسی کیلئے پر امید ہیں۔ یووراج سنگھ، گوتم گھمبیر، وریندر سہواگ، ظہیر خان اور ہربھجن سنگھ کے پاس بھارتی ٹیم میں کم بیک کرنے کا یہ آخری موقع ہو گا۔ پانچوں کرکٹرز آئی پی ایل ایٹ کو ٹیم میں واپسی کیلئے ایک سیڑھی کے طور پر استعمال کرنے کے خواہاں ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ کونسے کھلاڑی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

پانچوں کرکٹرز نے 2011ء میں منعقدہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو 28 برس بعد چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا لیکن اس کے بعد ان کرکٹرز کو ناقص فارم اور کارکردگی کی بناء پر ٹیم سے ڈراپ کیا گیا اور رواں برس منعقدہ ورلڈ کپ کیلئے بھی انہیں سکواڈ سے نظر انداز کیا تھا۔ کرکٹرز کا کہنا ہے کہ ٹیم سے دوری ان کیلئے بہت تکلیف دہ ہے اور وہ اس بار لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے دوبارہ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر لیں گے تاہم اگر یہ کرکٹرز اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوئے تو انہیں ہمیشہ کیلئے بھارتی ٹیم سے دوری کا سامنا کرنا پڑے گا۔