اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں‘محمد جمیل

بدھ 8 اپریل 2015 16:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں ،امت مسلمہ کوباہمی اختلافات ترک کرکے اسلام دشمن صیہونی طاقتوں کے مکروہ عزائم کوناکام بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ایک عالمی سازش کے تحت دنیامیں ہر جگہ مسلمان ایک دوسرے کاقتل عام کررہے ہیں ،دیگر مذاہب میں بھی کئی کئی مسالک موجود ہیں مگر کہیں بھی کوئی لڑائی نہیں،امریکہ ،اسرائیل ،بھارت اوردیگر مسلمان دشمن قوتیں مسلم ممالک کو کمزور کرکے انکے قدرتی وسائل تک رسائی کی سازش کررہی ہیں ، مسلم ممالک کے تیل کے ذخائر پر قبضہ امریکہ اور صیہونی طاقتوں کی دیرینہ خواہش ہے اگر ہم متحد نہ ہوئے تونقصانات کیلئے بھی تیار رہنا چاہئیے،انہوں نے کہا حرمین شریفین کی سیکیورٹی اورتحفظ پرقطعی دو رائے نہیں ہے ، مسلمان اپنی جانوں پر کھیل کر بھی حرمین شریفین کا تحفظ کرینگے ،مگر دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ کے سب سے بڑے پٹھو سعودی حکمرانوں نے اپنی بادشاہت قائم رکھنے کیلئے افغانستان، عراق، لیبیا اور شام میں کیا کرداراداکیا؟،امریکہ ان مسلمان ممالک کو نشانہ بنانے کے بعد اب اپنے بڑے اتحادی سعودی عرب میں گھسنے کی سازش کررہا ہے،یمن کی خانہ جنگی شیعہ سنی لڑائی نہیں ہے،امریکہ ، اسرائیل اور بھارت اسے فرقہ واریت کی طرف دھکیلناچاہتے ہیں ،اب بھی موقع ہے کہ پوری امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائے۔