بچہ گود لینا فرانسیسی جوڑے کو کچھ زیادہ ہی مہنگا پڑ گیا

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 8 اپریل 2015 20:30

بچہ گود لینا فرانسیسی جوڑے کو کچھ زیادہ ہی  مہنگا پڑ گیا

مارسیل، فرانس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8اپریل۔2015ء)ایک فرانسیسی جوڑا اس وقت مشکل میں پھنس گیا جب انہوں نے اقرار کیا کہ انہوں نے رومانیہ کے ایک نوزائیدہ بچے کے لیے8600 ڈالر اور استعمال شدہ بی ایم ڈبیلو گاڑی دی ہے۔ اس جرم میں انہیں جیل بھی ہو سکتی ہے۔ حکام کے مطابق فرانسیسی جوڑے کارمین اور مائیک نے بچے کے بدلے 8,664 ڈالر اور استعمال شدہ بی ایم ڈبیلو ادا کی۔

حکام نے کہا کہ اس جوڑے نے 2013 میں اس بچے کو خریدا ، بچہ شمالی فرانس کے ایک ہسپتال میں دو دن تک اپنی ماں کے پاس رہا پھر یہ جوڑا اسے لے آیا۔ مڈ وائف نے بتایا کہ جب یہ جوڑا اس بچے کو لے آیا تو ماں کمرے میں رونے لگی۔ اس جوڑے کا کہنا ہے کہ یہ بچہ اس عورت کا ساتواں بچہ تھا، وہ عورت اس بچے کو نہیں پال سکتی تھی ، اس لیے عورت نے یہ بچہ انہیں دے دیا۔

(جاری ہے)

اس جوڑے کا کہنا ہے کہ یہ بچہ ہمارے لیے خدا کی نعمت ہے، ہم نے اسے غربت سے بچایا ہے۔ اس فرانسیسی جوڑے کو انسانی سمگلنگ کے الزام میں دو سال قید اور 32,490ڈالر جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اس بچے کی وجہ سے مزید دس افراد کو بھی سزائیں ہو سکتی ہیں۔ ان میں رومانیہ کے ایک گروہ کا سرغنہ اور اس کی تین بہنیں بھی شامل ہیں۔ مذکورہ گروہ رومانیہ سے تعلق رکھنے والی غریب حاملہ عورتوں کو فرانس لے کر آتا ہے، یہاں اُن کے بچے عام طور پر 10,800ڈالر میں بک جاتے ہیں۔ جدید غلامی کے خلاف کام کرنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ گروہ دو بچوں کو فروخت کر چکا ہے جبکہ دو لڑکیوں کا سودا ہونے والا ہے۔