Live Updates

این اے 246 کا ضمنی الیکشن تاریخی ہے، کراچی میں تبدیلی کا وقت آگیا ہے : سربراہ تحریک انصاف عمران خان

muhammad ali محمد علی بدھ 8 اپریل 2015 21:20

این اے 246 کا ضمنی الیکشن تاریخی ہے، کراچی میں تبدیلی کا وقت آگیا ہے : ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 8 اپریل 2015 ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا حلقہ این اے 246 کے امیدوار عمران اسماعیل کے گھر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این اے 246 میں ہونے والا ضمنی الیکشن تاریخی ہے، عزیز آباد کے علاقے سے لوگ ہمیشہ الیکشن لڑنے سے ڈرتے ہیں تاہم اب کراچی میں تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔ کراچی کو خوف کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے، لوگوں کو کبھی ووٹ دینے کی آزادی حاصل نہیں ہوئی تاہم اب وہ خود جناح گراوَنڈ جائیں گے اور لوگوں کو خوف کا بت توڑنے کا پیغام دیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک پرامن جماعت ہے ہم کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتے ، انہوں نے سنا ہے کہ ان کے استقبال کے لیے انڈے اور ٹماٹروں سے استقبال کا انتظام کیا گیا ہے لیکن وہ خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں تاہم اگر ان کے کسی کارکن کو کچھ ہوا تو الطاف حسین کے خلاف لندن میں مقدمہ کیا جائے گا۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ جماعت اسلامی سے درخواست کریں گے کہ وہ عمران اسماعیل کی حمایت میں دستبردار ہوجائیں، وہ الطاف حسین کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور وہ جناح گراوَنڈ کے دورے کے موقع پر شہدا یادگار پر پھول چڑھائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات