امریکا میں کووٴں نے بچی کیلئے تحائف کے ڈھیر لگادیئے

جمعرات 9 اپریل 2015 12:33

امریکا میں کووٴں نے بچی کیلئے تحائف کے ڈھیر لگادیئے

سیاٹل، امریکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) کہتے ہیں اگر کوے کسی سے دشمنی پر اتر آئیں تو وہ اس کا جینا دوبھر کردیتے ہیں لیکن امریکا میں کووٴں نے کھانا کھلانے پر ایک بچی سے دوستی کرلی اور اب اس کو خوب تحائف بھی دیتے ہیں۔8 سالہ امریکی بچی گیبی 4 سال کی عمر سے کووٴں کو کھانا دیا کرتی تھی اور اس کی رحم دلی سے کووٴں نے اس سے دوستی کرلی اور اس کے لیے تحائف لاتے رہتے ہیں ،ان تحفوں میں بٹن، دھاتی ٹکڑے، اور دل کی شکل کا ایک پتھر بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

لڑکی کے مطابق ایک دفعہ کوا اس کے لیے دھات کا ٹکڑا لے آیا جس پر لفظ ”بیسٹ“ یعنی بہترین لکھا تھا جو اس کے لیے بہترین تحفہ ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ گیبی کے کیمرے کا لینس کھوگیا تھا اورایک کوے نے اسے بھی ڈھونڈ نکالا ہے۔8 سالہ بچی گیبی کے بھائی کے مطابق سال 2013 سے انہوں نے گیبی کے لیے تحفے پہنچانا شروع کیے اور جب وہ اسکول سے واپس آتی ہے تو کوے ایک قطار کی صورت میں اس کا انتظار کرتے ہیں۔اس دلچسپ واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے جنگلی حیات کے ایک ماہرپروفیسر جان مرزلوف نے کہا کہ اگر آپ کووٴں سے طویل عرصے تک بندھن برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں مسلسل کچھ نہ کچھ کھلاتے رہیں۔