یونس خان قومی ون ڈے ٹیم پلان کا حصہ نہیں رہے ، ذرائع

جمعرات 9 اپریل 2015 12:46

یونس خان قومی ون ڈے ٹیم پلان کا حصہ نہیں رہے ، ذرائع

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9اپریل۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر بلے باز یونس خان سلیکشن کمیٹی کے اگلے ورلڈ کپ پلان کا حصہ نہیں ہیں اور اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر بلے باز کو مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی طرح ورلڈ کپ کے بعد ریٹا ئرمنٹ کا اعلان کر دینا چاہیئے تھا۔ تفصیلات کے مطابق تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو بنگلہ دیش کے دورے کیلئے صرف ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیاگیاہے جس کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ وہ اگلے چارسال کیلئے ون ڈے ٹیم پلان کا حصہ نہیں ہیں اور عملاً ان کا ون ڈے کیریئر ختم ہوگیاہے۔

سلیکشن کمیٹی کے ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انہیں اگلے ورلڈکپ کیلئے مضبوط ٹیم کی تشکیل کی ذمہ داری سونپی ہے جس میں انہی نوجوان کرکٹرز ہی کو زیرغور لایاجائے گا جو ورلڈکپ 2019ء میں شرکت کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کا دورہ ون ڈے ٹیم کی تشکیل کا پہلا مرحلہ ہے۔جس میں یونس خان کا منتخب نہیں کیاگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے سے چارسالہ منصوبہ متاثر ہوگا اورتنقید بھی کی جائے گی کیونکہ سینئر بیٹسمین کے اگلا ورلڈکپ کھیلنے کا کوئی امکان نہیں۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق یونس خان کا ون ڈے کیریئر ختم ہوگیاہے اس لئے انہیں بھی مصباح الحق اور شاہد آفریدی کی طرح ریٹائرمنٹ کا اعلان کردینا چاہئے۔ سلیکشن کمیٹی ذرائع کے مطابق جس طرح مصباح ٹیسٹ اور آفریدی ٹی ٹوئنٹی تک محدود ہوگئے ہیں اسی طرح یونس خان کو اب صرف ٹیسٹ کرکٹ تک محدود ہوجانا چاہئے کیوں کہ اسی طرح نوجوان کرکٹرز کو گروم کیا جاسکتاہے۔