دنیا کی کوئی پارلیمنٹ حرمین شریفین سے زیادہ مقدس نہیں ہو سکتی‘سینیٹر پروفیسر ساجد میر

جمعرات 9 اپریل 2015 14:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ دنیا کی کوئی پارلیمنٹ حرمین شریفین سے زیادہ مقدس نہیں ہو سکتی،سعودی عرب کی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے ،حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے کسی پارلیمنٹ کی اجازت کی ضرورت نہیں ، حرمین شریفین کی وجہ سے سعودی عرب کی سا لمیت اور استحکام ہمارے ایمان کاحصہ ہے ۔

سعودی عرب کے دورے سے واپسی پر مرکزی دفتر میں میڈیا اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکچھ لوگ فتنے کوہوا دینا چاہتے ہیں۔اس سے پہلے کہ آگ پھیلے پاکستان فوری طور پر سعودی عرب کی غیر مشروط حمایت کااعلان بھی کرے اور فوج بھی روانہ کرے۔ پاکستان سعودی عرب کے احسانات کا بدلہ نہیں چکا سکتا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کو سوچنا چاہیے کہ ہر معاملے میں مخالفت برائے مخالفت نہیں ہونی چاہیے، پاکستان کی ہرموقع پر سعودی عرب نے مدد کی اس کے لیے وہاں کوئی مجلس شوری نہیں بلائی جاتی وہ پاکستان کی آنکھیں بند کرکے حمایت کرتے ہیں اور ہماری پارلیمنٹ میں غیر ضروری بحث جاری ہے۔

یہ سوال ہی نہیں بنتا کہ سعودی عرب کی مدد کرنی چاہیے یا نہیں، حکومت نے مشاورت کے لیے اجلاس بلاکر اچھا کیا مگر فیصلہ وہی ہونا چاہیے جس میں ملک اور قوم کا مفاد وابستہ ہے، عوامی مینڈیٹ والی حکومت کو عوام کے جذبات کی ترجمانی کرنا ہو گی اور عوا م کے جذبات یہی ہیں کہ ہمیں فوری طور پر اپنی فوج سعودی عرب بھیج دینی چاہیے ۔ اوربعض عناصر سعودی عرب میں بادشاہت کو ایشو بناکر حجاز مقدس میں فتنوں کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیشتر ارکان نے یمن کے معاملے میں حقائق کے برعکس سیاسی اور مذہبی تعصب کا مظاہرہ کیا۔ایک طرف مکہ اور مدینہ پر جان قربان کرنے کی بات کی جارہی ہے تو دوسری طرف باغیوں کی حوصلہ افزائی بھی جاری ہے۔ یہ منافقانہ رویہ قابل افسوس ہے۔

متعلقہ عنوان :