پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کے انتخابات میں سینئر صحافی خواجہ نصیر صدر اور قمر جبار بلا مقابلہ سیکرٹری منتخب

قائمقام گورنرپنجاب رانا محمد اقبال خاں اور قائمقام سپیکر سردار شیر علی گورچانی کی نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

جمعرات 9 اپریل 2015 17:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) قائمقام گورنرپنجاب رانا محمد اقبال خاں اور قائمقام سپیکر سردار شیر علی گورچانی نے پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے بلامقابلہ نو منتخب صدر سینئر صحافی خواجہ نصیر اور سیکرٹری قمر جبار کومبارک باد دی ہے۔پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے سالانہ انتخابات 2015-16جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوئے۔

الیکشن کمشنر کے فرائض سینئر صحافی حامد ریا ض ڈوگر نے انجام دیئے۔قائمقام گورنرنے توقع ظاہر کی کہ پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب عہدیداران پنجاب اسمبلی اور صحافی برادری کے درمیان موثر رابطے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور پنجاب اسمبلی کی کارروائی و قانون سازی کو میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں صحافیوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ جمہوریت کے فروغ کے لیے میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب عہدیداران کی بلامقابلہ کامیابی پر سینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر نے بھی مبارک باد دی ہے۔ نومنتخب صدر و سیکرٹری نے تمام ممبران کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم تمام صحافی بھائیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ان کے مسائل حل کرنے اورصحافتی مفادات کے تحفظ کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریس گیلری کمیٹی کسی بھی قسم کی تفریق کے بغیر تمام صحافیوں کے ساتھ تعاون و رابطہ بڑھائے گی۔