Live Updates

جوڈیشل کمیشن کا قیام تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کا نتیجہ ہے،عمران خان سرخروہوئے‘ عبدالعلیم خان

حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ، این اے 122کا نتیجہ بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا‘ صدر پی ٹی آئی لاہور کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 9 اپریل 2015 18:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کو تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر عمران خان قوم کے سامنے سرخرو ہوئے ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی کا موقف درست تھا 126روزہ دھرنے اور احتجاج نے پاکستانی عوام کو نہ صرف سیاسی شعور دیا بلکہ حکومت کو انتخابی دھاندلی کی غیرجانب دارانہ تحقیقا ت پر بھی مجبور کیا ۔

عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی طرف سے 45دنوں میں انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سے دراصل حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے اور این اے 122 کا نتیجہ اس سلسلے میں بارش کا پہلاقطرہ ثابت ہوگاجو چند دنوں میں سامنے آنے والا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی اس کمیشن کو دھاندلی کے دستاویزی ثبوت پیش کرینگی ۔

تحریک انصاف پہلے ہی الیکشن ٹربیونل میں خاطر خواہ شواہد پیش کرچکی ہے اور آئندہ کی بھی تیاری مکمل ہے۔ایک سوال پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اعلی عدلیہ پر بھر پور اعتماد ہے اور انشاء اللہ ہم جعلی حکمرانوں کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دینگے ۔انہوں نے قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار اپنی خیر منائیں انہیں مئی 2013میں کی جانے والی دھاندلی کا جواب دیناہوگا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی پانچ سال پورے کرنے کی خواہش پوری نہیں ہوسکے گی۔جنہوں نے عوامی مسائل کے حل کی بجائے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔اورعوام آج زرداری دور حکومت کو ان سے بہتر قرار دے رہے ہیں ۔لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی بجائے تاجر برادری کو جلدی کاروبار بند کرنے کی پالیسی در حقیقت حکومت کی ناکامی کا اعتراف ہے۔

جس سے اقتصادی حالت مزید خراب ہوگی۔عبد العلیم خان نے کہا کہ ملک کو درپیش مشکلات کا خاتمہ عمران خان جیسی بے خوف اور نڈر شخصیت ہی کر سکتی ہے یہ موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں انہوں نے کراچی کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کو ملنے والی پزیرائی پر مسر ت کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ این اے 246میں پی ٹی آئی کے امید وار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے اور جبروتشدد کا راستہ اختیار کرنے والے ناکام ہونگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات