تمام زیرالتواء مقدمات کو تعطیلات سے قبل نمٹانے کا عزم ہم سب کا پہلا امتحان ہے‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

سربراہ ہونیکی حیثیت سے تمام ملازمین بچوں کی مانند ہیں ،غافل باپ کی طرح نہیں ،ہر اہلکار کے عمل پر نظر رکھیں گے اور بد نیتی پر مبنی غلطی کبھی معاف نہیں کی جائے گی

جمعرات 9 اپریل 2015 21:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منظور احمد ملک نے کہا ہے تمام زیرالتواء مقدمات کو تعطیلات سے قبل نمٹانے کا عزم کیا ہے اوریہ ہم سب کا پہلا امتحان ہے،اس مقصد کو پورا کرنے کیلئے ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ شبانہ روز محنت کرینگے اور 4 جولائی2015 کواللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سائلین، وکلاء اور میڈیا کے سامنے سرخرو ہونگے،ادارے کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے تمام ملازمین میرے بچوں کی مانند ہیں لیکن وہ ایک غافل باپ کی طرح نہیں بلکہ وہ ہر اہلکار کے عمل پر نظر رکھیں گے اور بد نیتی پر مبنی غلطی کبھی معاف نہیں کی جائے گی،اللہ تعالیٰ نے ججزصاحبان کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ آئین و قانون کے مطابق لوگوں کو انصاف فراہم کریں اور عدالت عالیہ کا سٹاف اس میں برابر کا شریک ہے،فاضل ججزصاحبان کے ساتھ ساتھ نائب قاصد سے لے کر رجسٹرار تک سب اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز عدالت عالیہ میں افسران و اہلکاروں سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر ترین جج جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس سید منصور علی شاہ،جسٹس یاور علی، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ حبیب اللہ عامر سمیت پرنسپل سیٹ پر تعینات دیگر انتظامی افسران، کورٹ سٹاف اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منظور احمد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ عدالت عالیہ کے تمام ملازمین انکے ساتھی ہیں اور کوئی بھی کسی اعتبار سے کم نہیں ہے۔

ہم صوبے کی سب سے بڑی عدالت کے ذمہ دار ہیں اور ہمارااولین مقصد سائلین کو بروقت اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت عالیہ کے تمام ملازمین ادارے کا اہم حصہ ہیں جن کے بغیر عدالتیں اپنا کام پورا نہیں کر سکتیں۔ ہمیں یہ احساس پیدا کرنا ہے کہ یہ ہمارا ہائیکورٹ ہے، ہمارا گھر ہے اور یہ محض ججزصاحبان سے نہیں چلتا، ہم سب نے اسکی شان کو برقرار رکھنا ہے اور عدالت عالیہ کے ملازمین ہماری ٹیم کا وہ حصہ ہیں جن کے بغیر لوگوں کو انصاف کی فراہمی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسران پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں ترقیاں دی ہیں اور عدالت عالیہ کے تمام انتظامی امور انکے سپرد کر دیئے ہیں ،امید ہے کہ سب لوگ عدالت عالیہ کے وقار میں اضافے کا باعث بنیں گے۔ ہم نے تمام زیرالتواء مقدمات کو تعطیلات سے قبل نمٹانے کا عزم کیا ہے اوریہ ہم سب کا پہلا امتحان ہیں۔ انہوں نے سٹاف سے وعدہ لیا کہ ہم سب اس مقصد کو پورا کرنے کیلئے ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ شبانہ روز محنت کریں گے اور 4 جولائی2015 کواللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سائلین، وکلاء اور میڈیا کے سامنے سرخرو ہونگے۔

رجسٹرار حبیب اللہ عامر نے فاضل چیف جسٹس کو عدالت عالیہ کے افسران و ملازمین کی جانب سے یقین دلایا کہ وہ سخت محنت سے کام کرتے ہوئے فاضل چیف جسٹس کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے باعث افتخار ہے کہ فاضل چیف جسٹس تمام اہلکاروں کے درمیان آئے اور اپنے نیک عزائم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :