قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ چنائی میں ہو گیا، رپورٹ ایک ہفتے تک ملے گی

جمعرات 9 اپریل 2015 21:27

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ چنائی میں ..

چنائی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ چنائی میں ہو گیا، ایکشن کی رپورٹ ایک ہفتے تک ملے گی جبکہ آف سپنر نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا ایکشن کلیئر ہو جائے گا۔محمد حفیظ ایک روز قبل بھارتی شہر چنائی گئے تھے جہاں گزشتہ شام کو ان کے ایکشن کا ٹیسٹ لیا گیا۔ آئی سی سی کے نمائندے کی موجودگی میں حفیظ نے مختلف اینگلز اور اینڈز سے پچاس سے زائد گیندیں پھینکیں، دو گھنٹے تک جاری رہنے والے ٹیسٹ میں ان کے بازو کے خم کا معائنہ کیا گیا۔

معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ایکشن کا ٹیسٹ اچھے انداز میں مکمل ہو گیا اور امید ہے کہ ایک ہفتے بعد آنے والے رزلٹ میں میرے لئے مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایکشن کلیئر ہوگیا تو بھی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بولنگ کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کرے گی۔ واضح رہے کہ آل راؤنڈر کے ایکشن کو گزشتہ سال آئی سی سی نے غیر قانونی قرار دیا تھا۔

گیند پھینکتے ہوئے ان کے بازو کا ختم 15 ڈگری سے بڑھ جاتا تھا جبکہ آئی سی سی نے صرف پندرہ ڈگری کی اجازت ہی دے رکھی ہے ۔ انہوں نے ٹیم کے سپن بولنگ کوچ اور سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کی مدد سے اپنا ایکشن کلیئر کیا۔ اگر حفیظ کا ایکشن کلیر ہو گیا تو کرکٹ شائقین طویل عرصے بعد محمد حفیظ اور سعید اجمل کو ایک ساتھ بولنگ کرتے دیکھ پائیں گے۔

متعلقہ عنوان :