پاکستان اورایران یمن میں امن قائم کرنے کیلئے یمنی قبائل کومذاکرات کیلئے قائل کرنے پرمتفق ہیں ،تسنیم اسلم

جمعرات 9 اپریل 2015 22:47

پاکستان اورایران یمن میں امن قائم کرنے کیلئے یمنی قبائل کومذاکرات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم نے کہاہے کہ پاکستان اورایران یمن میں امن قائم کرنے کیلئے یمنی قبائل کومذاکرات کیلئے قائل کرنے پرمتفق ہیں ،یمن بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان ،سعودی عرب ترکی اورایران کے ساتھ رابطے ہیں ،پاکستان دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے امریکہ سے دفاعی سامان خریدرہاہے ،چین کے صدراس ماہ پاکستان کادورہ کریں گے ،یمن سے پاکستانیوں کی اکثریت کونکال لیاگیاہے ۔

سعودی عرب میں مقدس مقامات کوخطرہ ہواتوپاکستان اپنابھرپورکرداراداکریگا۔ایران کے ساتھ بارڈرسیکورٹی کے حوالے سے رابطے بہتربنانے پربھی اتفاق ہواہے ۔جمعرات کواسلام آبادمیں ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان یمن میں امن قائم کرنے کیلئے سعودی عرب ،ترکی اورایران کے ساتھ رابطے میں ہیں اورکوشش کی جارہی ہے کہ یمن کے مسئلے کومذاکرات کے ذریعے حل کیاجائے ۔

(جاری ہے)

ایران کے وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان میں دونوں ممالک یمن میں قبائلی مسلح گروپوں کومذاکرات کے لئے قائل کرنے پراتفاق ہواہے ۔ایران کے ساتھ بارڈرکی صورتحال پرپاکستان اورایران نے بارڈرسیکورٹی کیلئے دونوں ممالک کورابطے بہتربنانے کافیصلہ کیاہے ۔سعودی عرب میں مقدس مقامات کوکوئی خطرہ ہواتوپاکستان سعودی عرب کابھرپوردفاع کریگا۔سعودی وزیرمذہبی امورکادورہ پاکستان وزارت مذہبی امورکی دعوت پرہورہاہے ،دورے کامقصدپاکستانی حجاج اورزائرین کودرپیش مسائل کوحل کرناہے ،ترجمان وزارت خارجہ کاکہناتھاکہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان دفاعی اسٹریٹجک معاہدے موجودہیں ،پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کوپوراکرنے کیلئے امریکہ سے دفاعی سازوسامان خریدرہاہے ،جس سے دہشتگردوں کوخاتمے میں مددملے گی ۔

امریکی حکام نے کانگریس کوپاکستان کودیئے جانے والے دفاعی سازوسامان کے حوالے سے آگاہ کردیاہے ۔سامان کی فراہمی کے لئے حتمی کلیئرنس مل جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین کے درمیان انتہائی بہترین تعلقات قائم ہیں اورچین کے صدررواں ماہ پاکستان کے دورے پرآئیں گے ۔پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم کے بیان کے جواب میں ترجمان وزارت خارجہ نے کہاکہ پاکستان خطے میں پائیدارامن کاخواہش مندہے ،اورہمسائیہ ممالک کے ساتھ بہترتعلقات کاخواہاں ہے ۔

بھارت کے ساتھ ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائلہ حل کرنے میں پہل کی ہے ۔مذاکرات کیلئے پاکستان تیارہے ،لیکن جموں وکشمیرسمیت دیگرمسائل پربات ہوگی ۔یمن سے پاکستانیوں کی اکثریت کونکال لیاگیاہے جوچندلوگ یمن میں محصورہیں ان کے ساتھ بھی رابطہ میں ہیں جلدہی ان پاکستانیوں کونکال لیاجائیگا

متعلقہ عنوان :