موٹاپا ڈیمنشیا یا مخبوط الحواسی میں مبتلا ہونے کے امکانات کو کم کرتا ہے ‘ نئی تحقیق

جمعہ 10 اپریل 2015 12:39

موٹاپا ڈیمنشیا یا مخبوط الحواسی میں مبتلا ہونے کے امکانات کو کم کرتا ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء)نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ موٹاپا ڈیمنشیا یا مخبوط الحواسی میں مبتلا ہونے کے امکانات کو کم کرتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محققین نے بتایا کہ ان کیلئے یہ نتائج حیران کن ہیں کیونکہ یہ موجودہ خیالات سے متصادم ہیں تحقیق کے دوران 20 لاکھ برطانوی افراد کا تجزیہ کیا گیا جس سے پتہ چلا کہ کم وزن افراد کے مخبوط الحواس ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔

ڈیمنشیا دورِ جدید میں صحت کے حوالے سے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے اور اندازہ ہے کہ 2050 تک دنیا میں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین گنا بڑھ کر ایک کروڑ 35 لاکھ تک جا پہنچے گی تاحال مخبوط الحواسی کا کوئی علاج دریافت نہیں کیا جا سکا اور اس سے بچاوٴ کیلئے ایک صحت مندانہ طرزِ زندگی اپنانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق کے دوران لندن سکول آف ہائیجین اینڈ ٹروپیکل میڈیسن میں اوسطاً 55 برس عمر کے 1958191 افراد کے طبی ریکارڈز کا دو دہائیوں تک جائزہ لیا گیا۔

اس جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ کم وزن افراد کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات نسبتاً زیادہ وزن والوں کے مقابلے میں 39 فیصد زیادہ رہے تاہم جو افراد فربہ تھے ان میں اس بیماری کے امکانات میں 18 سے 24 فیصد تک کی کمی دیکھی گئی۔تحقیق کے انچارج ڈاکٹر نواب قزلباش کا کہنا ہے کہ یہ یقیناہمارے لیے حیرانی کی بات ہے۔انھوں نے کہا کہ تحقیق میں متنازع بات یہی ہے کہ موٹے افراد کے مخبوط الحواس ہونے کے امکانات تندرست اور مناسب وزن والے افراد کے مقابلے میں کم ہیں ڈاکٹر قزلباش نے کہا کہ یہ نتائج اب تک اس تعلق کے بارے میں ہونے والی تمام تحقیقوں کے خلاف ہیں تاہم اگر آپ ان تمام تحقیقوں کو ملا بھی لیں تب بھی ہماری تحقیق حجم اور ہدف کے حساب سے ان سے آگے ہے۔