سعودی حکومت نے عمرہ ویزا کی مدت 30 دن سے کم کرکے 15 دن کردی

جمعہ 10 اپریل 2015 16:07

سعودی حکومت نے عمرہ ویزا کی مدت 30 دن سے کم کرکے 15 دن کردی

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء)سعودی حکومت نے موجودہ حالات کے پیش نظر زائرین کے لئے عمرہ ویزا کی مدت 30 دن سے کم کرکے 15 دن کردی ہے جبکہ پاکستانی زائرین جن کے پہلے ہی تمام ائیر لائنز نے 30 دن کی واپسی کے ٹکٹ جاری کئے ہیں انہوں نے تحفظ کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا سعودی حکومت وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری ڈاکٹر عیسیٰ بن محمد رواس نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ عمرہ زائرین کو عمرہ کی سعادت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

سعودی عرب نے حج اور عمرہ کوٹہ میں تین سال کے لئے جس کمی کا اعلان کیا تھا وہ آئندہ سال حج سے قبل تک نافذالعمل رہے گا۔ اور آئندہ سال عمرہ اور حج کوٹہ میں کی گئی کمی بحال کر دی جاے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ سروسز سے وابستہ تمام ممالک کے پراؤیٹ و سرکاری ادارے سعودی حکومت سے تعاون کریں۔

(جاری ہے)

اور عمرہ زائرین کی طے شدہ ویزا مدت میں واپسی یقینی بنائیں۔

سعودی عرب کی نئی عمرہ پالیسی پر تبصرہ کرتے ہوے ایسوسی ایشن آف حج آرگنائزرز کے مرکزی راہنما حافظ شفیق کاشف نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے رواں برس ریکارڈ تعداد میں عمرہ ویزے جاری کئے ہیں جبکہ عمرہ سیزن بھی چھ ماہ سے بڑھا کر آٹھ ماہ کردیا ہے۔ لہٰذہ آئندہ اسلامی مہینوں رجب، شعبان اور رمضان المبارک میں سعودی تعلیمات پر عمل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ تمام ائیر لائنز بھی زائرین سے تعاون کریں اور 30 دن کی واپسی کے جو ٹکٹ ایشو ہو چکے ہیں ان کی سعودی عرب سے واپسی کی تبدیلی پر چارجز نہ لئے جائیں ۔ انہوں نے سعودی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رجب، شعبان اور رمضان المبارک میں سعودی کمپنیوں کی طرف سے عمرہ ویزا کے ریٹس میں بے تحاشہ اضافے کا بھی نوٹس لیا جائے۔