این ٹی ڈی سی انجینئرز نے کے وی 500 دادو گرڈ سٹیشن پر ہائی وولٹیج کی سطح برقرار رکھنے کیلئے شنٹ ری ایکٹرز نصب کر دیئے

پیر 13 اپریل 2015 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی ایل) کے انجینئرز نے پانچ سو کے وی گرڈ سٹیشن دادو پر ہائی وولٹیج لیول کنٹرول کرنے کیلئے تین 37MVAR کے سنگل فیز شنٹ ری ایکٹرز نصب کر دیئے۔ اس سے پہلے نصب شدہ شنٹ ری ایکٹر تکنیکی وجہ سے خراب ہو گیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ 500kV گرڈ سٹیشن دادو پر وولٹیج لیول 590kV تک پہنچ جاتا تھا۔

اِن شنٹ ری ایکٹرز کی تنصیب سے ناصرف وولٹیج لیول مناسب سطح پر برقرار رہے گا بلکہ این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن سسٹم ہر قسم کے بریک ڈاؤن اور ٹرپنگ سے بھی محفوظ رہے گا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ شنٹ ری ایکٹر 500کے وی گرڈ سٹیشن نوکھر ضلع گوجرانوالہ سے ہیوی ٹرانسپورٹ کے ذریعے شفٹ کئے گئے ہیں اور گرڈ سسٹم آپریشن، سسٹم پروٹیکشن اور ٹیکنیکل سروسز گروپ کے انجینئرز نے اس کام میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

مزیدبراں ترجمان نے بتایا کہ شکارپور کے علاقے میں طوفان بادوباراں سے پانچ سو کے وی گُدو - دادو ٹرانسمیشن لائن سرکٹ I- کے 2 ٹاورز (ٹاور نمبر 340 اور 341) تباہ ہو گئے تھے۔ جس سے علاقے میں بریک ڈاؤن ہو گیا اور بجلی کی سپلائی کو متبادل ذرائع سے بحال رکھا گیا۔ تباہ شدہ ٹاورز 1986ء میں نصب کئے گئے تھے۔ انجینئرز نے ملتان ویئر ہاؤس سے ٹاورز کو منتقل کروا کر ٹرانسمیشن لائن کے مطابق ٹاورز کے ڈیزائن کو تبدیل کیا اور نصب کر کے لائن بحال کر دی۔ این ٹی ڈی سی انجینئرز نے یہ دونوں کام15دنوں کی قلیل مدت میں شب و روز محنت سے مکمل کئے۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر محمد ارشد چودھری اور جنرل منیجر (جی ایس او) سبز علی خان نے انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا۔