دودھ دینے والا عجیب الخلقت بکرا ذبح کر دیا گیا

منگل 14 اپریل 2015 13:30

دودھ دینے والا عجیب الخلقت بکرا ذبح کر دیا گیا

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء) فلسطینی حکام نے دودھ دینے والے بکرے کی غیر معمولی شہرت اور اس کے دودھ کی حیرت انگیز مانگ کے بعد امن عامہ کے مسائل سے گھبرا کر بکرے کو ذبح کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکام نے بکرے کے مالک یاسر ابوالسعید کو 2500 درہم (تقریباً 68000 پاکستانی روپے) ادا کرنے کے بعد بکرے کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔

(جاری ہے)

وزارت زراعت کے حکام کا کہنا ہے کہ لوگ بکرے کے دودھ کو مردانہ کمزوری اور دیگر کئی بیماریوں کا علاج سمجھ رہے تھے اور اس کے بارے میں مقامی میڈیا میں ہیجان انگیز خبریں شائع ہو رہی تھیں جس کی وجہ سے ایک بڑی گڑ بڑ پھیلتی نظر آرہی تھی اور ان حالات کے پیش نظر بکرے کو ذبح کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزارت کے شعبہ ویٹرنری سروسز کے ڈائریکٹر زکریا الکفرنا کا کہنا ہے کہ بکرا ہارمونز کی گڑ بڑ کی وجہ سے دودھ دے رہا تھا اور اس کا دودھ نہ صرف انسانی استعمال کے لئے فائدہ مند نہیں تھا بلکہ خطرناک بیماریوں کا سبب بھی بن سکتا تھا۔ بکرے کے مالک یاسر ابو السعید نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے بکرا ایک مقامی کسان سے خریدا جس نے اسے اسرائیل سے منگوایا تھا۔